اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی میں نیا شاپنگ ریسرچ فیچر متعارف کروا دیا ہے، جس کا مقصد صارفین کو ان کی ضرورت کے مطابق درست مصنوعات تلاش کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔ یہ ٹول ایک ویژوئل انٹرفیس کے ساتھ آتا ہے، جہاں صارف اپنی پسند کے آپشنز پر کلک کر کے پروڈکٹس کو فلٹر کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد چیٹ جی پی ٹی ایک کسٹمائزڈ پروڈکٹ لسٹ دکھاتا ہے جس میں پروڈکٹ کی تصویر، بنیادی معلومات اور ای-کامرس لنک شامل ہوتا ہے۔ یعنی صارف اس فیچر کی مدد سے آن لائن یا آف لائن خریداری کے لیے بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں اور وقت بھی بچا سکتے ہیں۔
اوپن اے آئی کے مطابق یہ فیچر موبائل، ڈیسک ٹاپ اور ویب پر دستیاب ہے اور فری، گو، پلس اور پرو پلان کے صارفین کے لیے رول آؤٹ کر دیا گیا ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ تعطیلات کے سیزن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس فیچر کا استعمال تقریباً ان لمیٹڈ رکھا گیا ہے۔ یہ خاص طور پر الیکٹرانکس، بیوٹی، کچن اور سپورٹس جیسی ڈیٹیل ہیوی کیٹیگریز میں صارفین کو خریداری کے بہتر اور تیز فیصلے کرنے میں مدد دے گا۔
صارف چیٹ جی پی ٹی میں پرامپٹ باکس کے نیچے موجود + آئیکن پر کلک کر کے شاپنگ ریسرچ ٹول ایکٹیویٹ کر سکتے ہیں۔ متبادل طور پر اگر کوئی شاپنگ سے متعلق سوال پوچھے تو یہ ٹول خود بخود فعال ہو جاتا ہے۔ ایک بڑا ویژوئل انٹرفیس کھلتا ہے جس میں صارف اپنی پسند کے مطابق آپشنز منتخب کرتے ہیں۔ اے آئی اس ڈیٹا کی بنیاد پر پروڈکٹس کی ابتدائی لسٹ تیار کرتا ہے، جس میں صارف ہر پروڈکٹ پر انٹرسٹڈ یا ناٹ انٹرسٹڈ منتخب کر کے اپنی پسند کی لسٹ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
اہم بات یہ ہے کہ خریداری چیٹ جی پی ٹی کے اندر نہیں ہوتی؛ صارفین صرف پروڈکٹ دیکھ کر ای-کامرس لنک پر جا کر خریداری کر سکتے ہیں۔ اوپن اے آئی نے بتایا کہ یہ ٹول سیکیورٹی اور کمیونٹی گائیڈ لائنز کے مطابق کام کرتا ہے تاکہ صارفین کو محفوظ شاپنگ تجربہ فراہم کیا جا سکے۔
یہ فیچر گوگل جیمنائی کے نئے اے آئی شاپنگ فیچر کے بعد آن لائن شاپنگ میں اے آئی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔











