اہم ترین

دماغ کو جوان رکھناچاہتے ہیں تو پٹھے مضبوط اور چربی کم کریں: تحقیق

کہتے ہیں کہ تندرستی ہزار نعمت ۔ ایک تازہ تحقیق سے دلچسپ حقیقت سامنے آئی ہے کہ جسمانی فٹنس نہ صرف پٹھوں کو طاقت دیتی ہے بلکہ دماغ کو بھی جوان رکھتی ہے۔

امریکی سائنسدانوں نے تقریباً 1200 صحت مند افراد (اوسط عمر 55 سال) کے پورے جسم کے ایم آر آئی اسکینز کا جائزہ لیا۔

جدید ٹیکنالوجی اور اے آئی کی مدد سے ہر فرد کےپٹھوں کی مقدار، جلد کے نیچے اور اندرونی اعضا کے گرد چربی اور دماغ کی حیاتیاتی عمر کا تجزیہ کیا گیا۔

تحقیق میں پایا گیا کہ زیادہ پٹھوں کا مطلب زیادہ جوان نظر آنے والا دماغ جب کہ پیٹ کی زیادہ چربی کا مطلب تیزی سے بوڑھا ہوتا دماغ ہے۔ تاہم جلد کے نیچے چربی سے دماغی صحت پر واضح اثر نہیں پڑتا۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کے ماہرِ اعصاب اور ریڈیولوجی پروفیسر، ڈاکٹر سائرَس راجی کے مطابق زیادہ پٹھے اور پیٹ کی کم چربی رکھنے والے افراد کے دماغ زیادہ صحت مند اور جوان دکھائی دیتے ہیں۔

ڈاکٹر راجی کے مطابق یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جسمانی ساخت براہ راست دماغ کی عمر پر اثر انداز ہوتی ہے۔

ڈاکٹر راجی کا کہنا ہے کہ بہترین دماغی صحت کے لیے وزن کم کرنا کافی نہیں، بلکہ خاص طور پر اندرونی پیٹ کی چربی کم کرنا اور پٹھے برقرار رکھنا ضروری ہے۔

تحقیق میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگرچہ جی ایل پی 1 ادویات وزن کم کرتی ہیں لیکن یہ پٹھے بھی کم کر سکتی ہیں جو دماغ کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر دماغ نوجوان رہے تو الزائمر جیسی مستقبل کی دماغی بیماریوں کا خطرہ بھی کم ہو جاتا ہے۔ یہ تحقیق مستقبل میں ایسی ادویات تیار کرنے میں مدد دے سکتی ہے جو صرف مضر چربی کو کم کریں اور پٹھوں کو نہ چھوئیں۔

پاکستان