آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہماری بڑی طاقت قومی وحدت ہے، دشمن کے عزائم ناکام بنائیں گے، بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی، پروپیگنڈے کی جنگ کے باوجود مسلح افواج پرعزم ہیں۔۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 27ویں نیشنل سیکیورٹی ورکشاپ کے شرکا نے جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) کا دورہ کیا، جہاں انہیں پاکستان کی علاقائی اور داخلی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر شرکا نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں بھی شرکت کی۔
آرمی چیف نے ورکشاپ کے شرکا کو بتایا کہ خطہ اس وقت جیو پولیٹیکل مقابلے، سرحد پار دہشت گردی اور بڑھتے ہوئے ہائبرڈ خطرات سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی حمایت یافتہ شدت پسندی اور معلوماتی جنگ کے باوجود پاکستان کی مسلح افواج پوری لگن اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ قومی دفاع کو یقینی بنا رہی ہیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک باوقار اور اثر انگیز ملک ہے جو عالمی برادری میں اپنا جائز مقام ضرور حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ’’معرکۂ حق‘‘ میں افواجِ پاکستان کے عزم اور پیشہ ورانہ مہارت نے پاکستان کی عالمی ساکھ میں اضافہ کیا ہے۔
آرمی چیف نے واضح کیا کہ ہماری سب سے بڑی طاقت قومی یکجہتی ہے، اور پوری قوم متحد ہوکر دشمن کے عزائم کو ناکام بنائے گی۔ ان کے مطابق پاکستان آرمی کے لیے ملکی سالمیت، قومی سیکیورٹی اور ہر شہری کا تحفظ پہلی ترجیح ہے، اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
سیشن کے اختتام پر آرمی چیف نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مربوط قومی حکمت عملی اور اداروں کے درمیان مضبوط ہم آہنگی ہی دیرپا امن اور استحکام کی ضمانت ہے۔











