جرمنی میں اسلحہ بردار ٹرک سے بڑی مقدار میں گولہ بارود چوری ہونے کا حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے۔
جرمن نیوزویب سائیٹ ڈی ڈبلیو کےمطابق کنٹریکٹر کمپنی کا ٹرک جرمن فوج کے لیے اسلحہ لے جا رہا تھا، مگر ڈرائیور کے رات گزارنے کے لیے ہوٹل کے باہر گاڑی کھڑی کرنے کا فیصلہ مہنگا پڑ گیا۔ صبح ڈلیوری کے وقت معلوم ہوا کہ ٹریلر سے ہزاروں راؤنڈ غائب ہیں۔
مقامی میڈیا کے مطابق تقریباً 20 ہزار میں سے 10 ہزار پستول کی گولیاں، 9,900 مشقی فائر کے راؤنڈز اور دھوئیں والے راؤنڈ چوری کر لیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ واردات منصوبہ بندی کے تحت کی گئی، اور چور ممکنہ طور پر ٹرک کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ ڈرائیور کے غیر متوقع قیام نے انہیں موقع فراہم کیا۔
فوج نے فوری طور پر پولیس کو رپورٹ درج کرا دی ہے، جبکہ یہ بھی تحقیقات ہو رہی ہیں کہ حساس اسلحے کو ایک ہی ڈرائیور کے ذریعے منتقل کرنا سکیورٹی اصولوں کی خلاف ورزی تو نہیں تھا۔
دوسری جانب جرمنی اس وقت دفاعی بجٹ بڑھا کر اپنی افواج کو مضبوط بنانے کی کوششوں میں مصروف ہے، ایسے میں یہ واقعہ سکیورٹی پر مزید سوالات کھڑے کر رہا ہے۔











