اہم ترین

جی میل سے ای میل غلط بھیجنے پر گھبرائیں مت، صرف ایک کلک کریں اور سب واپس

دنیا کی مقبول ترین ای میل سروسز میں سے ایک جی میل اپنے سادہ انٹرفیس اور جدید فیچرز کی وجہ سے صارفین میں بے حد مقبول ہے۔ انہی فیچرز میں سے ایک ان ڈو سینڈ ہے ، جس کے ذریعے صارف ای میل بھیجنے کے فوراً بعد اسے منسوخ کر سکتا ہے۔

اگر آپ نے غلطی سے کسی غلط شخص کو ای میل بھیج دیا ہے، یا کوئی ضروری بات شامل کرنا بھول گئے ہیں تو یہ فیچر آپ کو ای میل وصول کنندہ کے ان باکس تک پہنچنے سے پہلے واپس لینے کا موقع دیتا ہے۔ یہ سہولت ڈیسک ٹاپ اور موبائل دونوں پر موجود ہے۔

ڈیسک ٹاپ پر جی میل میں ای میل کیسے منسوخ کریں؟

ای میل بھیجنے کے فوراً بعد اسکرین کے بائیں نیچے کونے میں سینٹ کا پیغام ظاہر ہوتا ہے۔اس کے ساتھ موجود ان ڈو کے بٹن پر کلک کریں۔ ای میل دوبارہ کھل جائے گا، جسے آپ ایڈٹ یا ڈلیٹ کر سکتے ہیں۔

موبائل سے ای میل بھیجنے کے بعد اسکرین کے نیچے سینٹ کا نوٹیفکیشن نظر آتا ہے۔ یہاں موجود ان ڈو بٹن پر ٹیپ کریں۔ ای میل دوبارہ کھل جائے گا اور آپ اسے حسبِ ضرورت تبدیل کر سکیں گے۔

یاد رہے! موبائل میں ان ڈو بٹن چند سیکنڈ کے لیے ہی دکھائی دیتا ہے۔ اگر اس دوران ٹیپ نہ کیا جائے تو ای میل پہنچ جائے گا۔

ان ڈو سینڈ کا وقت کیسے بڑھائیں؟

جی میل صارفین کو یہ اختیار بھی دیتا ہے کہ وہ ای میل منسوخ کرنے کے وقت کی حد بڑھا سکیں۔ آپ اپنی سہولت کے مطابق 5، 10، 20 یا 30 سیکنڈ کا انتخاب کر سکتے ہیں۔

ان ڈو سینڈ کا دورانیہ بڑھانے کے لئے پہلے جی میل کھولیں اور اوپر دائیں جانب موجود سیٹنگ پر کلک کریں۔ سی آل سیٹنگ پر جائیں۔ جنرل ٹیب میں نیچے اسکرول کریں اور ان ڈو سینڈ والے سیکشن پر جائیں۔اپنا مطلوبہ دورانیہ منتخب کریں۔ سب سے نیچے جا کر سیو چینجز پر کلک کریں۔

ان ڈو کا وقت بڑھانے سے آپ کو غلطی پکڑنے اور ای میل منسوخ کرنے کے لیے زیادہ سہولت مل جاتی ہے۔

پاکستان