اداکارہ اور مارننگ شو ہوسٹ ندایاسر نے آن لائن فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز سے متعلق اپنے بیان معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے الفاظ کا چناؤ درست نہیں تھا۔
تقریباً 15 دن قبل اپنے پروگرام میں فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے بارے میں دیے گئے بیان پر ہونے والی شدید تنقید کے بعد میزبان ندا یاسر نے آخرکار وضاحت پیش کرتے ہوئے معذرت کر لی۔ 25 نومبر کے شو میں ندا یاسر نے کہا تھا کہ فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز کے پاس اکثر کھلے پیسے نہیں ہوتے اور اگر وہ غلط بیانی کریں تو وہ ڈرائیور کو واپس بھیج دیتی ہیں۔ شو میں موجود مہمان خواتین نے بھی ان کی بات سے اتفاق کیا تھا، جس کے بعد یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
رائیڈرز نے اس بیان پر ردِعمل دیتے ہوئے ندا یاسر سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا، جبکہ کئی ویڈیوز میں رائیڈرز سکے ہاتھ میں اٹھائے کہتے نظر آئے کہ وہ اب “ندا کے لیے چینج رکھ چکے ہیں۔” اس تمام تنقید کے بعد ندا یاسر نے 10 دسمبر کو اپنے لائیو پروگرام ’گڈ مارننگ پاکستان‘ میں اس معاملے کی وضاحت کی اور غلط لفظ چننے پر افسوس کا اظہار کیا۔
ندا یاسر نے کہا کہ انہوں نے ذاتی تجربہ شیئر کرتے ہوئے یہ غلطی کی کہ پورے رائیڈر کمیونٹی کا ذکر ایسا ہو گیا جیسے سب ہی ایک جیسے ہوں۔ ان کے مطابق انہیں یہ وضاحت شامل کرنی چاہیے تھی کہ ’’کچھ لوگ‘‘ ایسا کرتے ہیں، کیونکہ اکثر رائیڈرز انتہائی ایمانداری اور محنت سے اپنا کام انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے رائیڈرز کو مخاطب کرکے کہا کہ اگر ان کی بات سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو وہ دل سے معافی مانگتی ہیں اور ان کا مقصد کسی کی دل آزاری ہرگز نہیں تھا۔











