اہم ترین

ایپل کا سستا ترین میک بُک اور وہ بھی رنگین : اگلے سال لانچنگ کی تیاری

ایپل اپنے صارفین کے لیے ایک خوشخبری لانے والا ہے، کیونکہ کمپنی جلد ہی ایک کم قیمت نیا میک بُک مارکیٹ میں پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، ایپل اگلے سال کے آغاز میں اس میک بُک کو لانچ کرسکتا ہے، جس کی قیمت موجودہ میک بُک ایئر سے بھی کم ہوگی۔ اس طرح یہ ایپل کی جانب سے پچھلے کئی برسوں میں لانچ ہونے والا سب سے سستا میک بُک ثابت ہوسکتا ہے۔ کمپنی کا مقصد ان صارفین کو متبادل فراہم کرنا ہے جو میک بُک کی بلند قیمتوں کی وجہ سے کروم بُک یا ونڈوز لیپ ٹاپ خریدنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔

اس وقت پاکستان میں نئے میک بُک ایئر کی قیمت کم و بیش 3 لاکھ روپے تک ہے۔ ایسے میں ایک نیا اور کِفایتی میک بُک ایپل کو لیپ ٹاپ مارکیٹ میں مزید مضبوط مقام دلانے میں مدد دے سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق، نئے میک بُک میں 12.9 انچ کا ڈسپلے دیا جاسکتا ہے اور اسے گلابی، زرد اور نیلے رنگوں میں پیش کیا جائے گا، جو ایپل کے رنگین آئی میک ماڈلز کی یاد دلاتے ہیں۔

قیمت کم رکھنے کے لیے امکان ہے کہ اس میک بُک میں آئی فونز میں استعمال ہونے والا اے 19 پرو چپ سیٹ شامل کیا جائے۔ عالمی مارکیٹ میں اس کی ممکنہ قیمت 600 سے 700 ڈالر تک بتائی جا رہی ہے، جبکہ پاکستان میں اس کی قیمت دو لاکھ روپے تک ہوسکتی ہے۔ تاہم ابھی تک ایپل نے اس میک بُک کے بارے میں کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا ہے۔

پاکستان