بالی ووڈ اور ہالی ووڈ دونوں میں اپنی شاندار شناخت بنانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا ایک بار پھر شرخیوں میں ہیں۔ حال ہی میں وہ ابوظہبی میں ہونے والی برِج سمِٹ میں شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے بھارت میں اپنے کیریئر کے ابتدائی دور میں پیش آنے والی مشکلات پر کھل کر بات کی۔
مذاکرے میں گفتگو کے دوران پریانکا نے بتایا کہ ان کے سفر کی اصل حقیقت یہ ہے کہ مواقع انہیں دیے نہیں گئے بلکہ اکثر ان سے چھین لیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کیریئر کے شروع میں ان کے پاس “نہ” کہنے کا کوئی حق نہیں تھا، ہر کام قبول کرنا پڑتا تھا کیونکہ موقع ملنا ہی اپنے آپ میں ایک بڑی بات تھی۔ وہ مسلسل کام کی وجہ سے خاندان کے بہت سے اہم مواقع سے بھی محروم رہیں۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ایک وقت ایسا بھی آیا جب ان کی چھ فلمیں مسلسل فلاپ ہوگئیں، جس کے بعد پروڈیوسرز انہیں کاسٹ کرنے سے گھبرانے لگے۔ اس صورتحال نے انہیں اپنے کمفرٹ زون سے نکل کر نئی راہیں تلاش کرنے پر مجبور کیا۔
پریانکا کا کہنا تھا کہ میری زندگی میں تبدیلیاں پسند کی بنیاد پر نہیں تھیں بلکہ بقا کے لیے تھیں۔ اب وقت بدل گیا ہے۔ اب میں سوچ سمجھ کر فیصلے کرتی ہوں، اپنے خاندان، ذہنی سکون اور مستقبل پر پڑنے والے اثرات کا خیال رکھتی ہوں۔
پریانکا چوپڑا کے آنے والے پروجیکٹس میں ایس ایس راجامولی کی فلم وارانسی شامل ہے، جو اس وقت زیر تکمیل ہے۔ اس میں مہیش بابو اور پرتھوی راج سُکمارن بھی مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔ پریانکا کافی عرصے بعد بھارتی اسکرین پر واپسی کر رہی ہیں اور یہ فلم 2027 میں ریلیز ہوگی۔
اس کے علاوہ وہ امریکی ایکشن اسپائی سیریز اسِٹاڈیل کے دوسرے سیزن میں بھی نظر آئیں گی۔











