پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انہوں نے زندگی میں دو فرعون دیکھے ہیں ایک ایک عمران خان اور دوسرا فیض حمید، فیض حمید طاقت کےنشےمیں اپنےحلف کی خلاف ورزی کرتے رہے ۔
چنیوٹ میں میڈیا سے گفتگو کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں طاقت کے نشے میں دھمکیاں دیں، مخالفین کو جیلوں میں ڈالا اور سیاست میں غلط روایات قائم کیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کے مطابق عمران خان آج مکافاتِ عمل کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہیں اپنی زندگی میں ہی اپنے جرائم کا حساب دینا پڑ رہا ہے۔مریم نواز اور فریال تالپور کو اسی دور میں جیل بھیجا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ فیض حمید کے خلاف مزید تحقیقات اور ٹرائل ہونا باقی ہے اور ان کی سزا ملک کے اداروں کے لیے ایک اہم مثال ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنر راج ایک آئینی آپشن ہے تاہم پیپلز پارٹی میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے حوالے سے کوئی مشاورت نہیں ہوئی۔
پیپلز پارٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ 27ویں ترمیم میں سب سے بڑی کامیابی آئینی عدالت کا قیام ہے جس سے نظامِ انصاف مضبوط ہوگا۔











