میٹا کے مقبول میسجنگ پلیٹ فارم واٹس ایپ نے صارفین کے لیے کئی دلچسپ اور کارآمد فیچر اپڈیٹس متعارف کرا دیے ہیں، جو چیٹنگ، کالنگ اور اسٹیٹس کے تجربے کو پہلے سے کہیں زیادہ مزے دار اور آسان بنا دیں گے۔ کمپنی کی جانب سے جاری بلاگ پوسٹ کے مطابق یہ نئے فیچرز مرحلہ وار صارفین تک پہنچ رہے ہیں۔
واٹس ایپ نے کالنگ فیچرز میں اہم بہتری کی ہے۔ اب اگر آپ کی کال مس ہو جائے تو وائس میل کے جھنجھٹ کی ضرورت نہیں۔ صارف ایک ہی ٹیپ میں وائس کال پر وائس نوٹ اور ویڈیو کال پر ویڈیو نوٹ چھوڑ سکتا ہے، جس سے رابطہ مزید آسان ہو گیا ہے۔
وائس چیٹ میں ری ایکشن کا نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین بغیر گفتگو میں خلل ڈالے لائیو وائس چیٹ کے دوران ایموجی کے ذریعے اپنا ردِعمل دے سکتے ہیں۔
گروپ کال اسپیکر اسپاٹ لائٹ فیچر بھی شامل کیا گیا ہے، جس سے گروپ کال میں بات کرنے والا صارف خود بخود نمایاں ہو جائے گا اور یہ سمجھنا آسان ہوگا کہ اس وقت کون بول رہا ہے۔
میٹا اے آئی کے ساتھ چیٹ اور اسٹیٹس مزید دلچسپ
واٹس ایپ میں اب میٹا اے آئی کی مدد سے تصاویر کو بہتر بنا کر چیٹس اور اسٹیٹس میں شیئر کیا جا سکتا ہے۔
کمپنی نے مڈ جرنی اور فلکس ماڈلز کو اپڈیٹ کیا ہے، جس سے تصاویر کا معیار مزید بہتر ہوگا۔
ایک اور دلچسپ فیچر کے تحت اب صارف اپنی تصاویر کو اینیمیٹڈ ویڈیو میں بھی تبدیل کر سکتے ہیں، جو اسٹیٹس اور چیٹس کو زیادہ پرکشش بنائے گا۔
اسٹیٹس میں نئے اسٹیکرز اور میوزک
اسٹیٹس اپڈیٹس کو مزید انٹرایکٹو بنانے کے لیے واٹس ایپ نے میوزک کے ساتھ لیرکس اور انٹرایکٹو سوالی اسٹیکرز شامل کیے ہیں۔ اب اسٹیٹس دیکھنے والے صارفین براہِ راست اسٹیٹس پر ٹیپ کر کے ردِعمل دے سکتے ہیں یا جواب بھیج سکتے ہیں۔
ڈیسک ٹاپ صارفین کے لیے نیا سرچ فیچر
ونڈوز ، ویب اور میک ورژن استعمال کرنے والوں کے لیے نیا میڈیا سرچ فیچر متعارف کرایا گیا ہے، جس کی مدد سے لنکس، ڈاکیومنٹس اور دیگر میڈیا فائلز تلاش کرنا پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو گیا ہے۔
واٹس ایپ کے یہ نئے فیچرز صارفین کے روزمرہ رابطے کو نہ صرف آسان بلکہ مزید دلچسپ بھی بنا رہے ہیں۔











