اہم ترین

پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کا اعلان :2 نئی ٹیمیں بھی شامل ہوں گی

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی)  محسن نقوی نے پی ایس ایل 11 کی تاریخوں کا اعلان کردیا، 11واں ایڈیشن 26 مارچ 2026 سے 3 مئی تک کھیلاجائے گا۔

نیویارک میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی عالمی تشہیر اور فروغ کے لیے ایک خصوصی روڈ شو کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی، سابق لیجنڈری کرکٹر وسیم اکرم، قومی ٹیم کے کھلاڑیوں اور اعلیٰ سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔

اتوار کے روز منعقدہ اس تقریب میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار بھی موجود تھے۔ قومی کرکٹرز میں شان مسعود، ابرار احمد، فہیم اشرف، صائم ایوب، سعود شکیل اور سلمان علی آغا نے بھی شرکت کر کے پی ایس ایل کی عالمی اہمیت کو اجاگر کیا۔

اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ان کا وژن پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون کرکٹ لیگ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا اور پاکستان میں کرکٹ کی ترقی پر بھاری سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ ایونٹ کا فائنل 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔

پاکستان