اہم ترین

جیلر2 میں رجنی کانت کےساتھ ودیا بالن کی انٹری، متھن کا بھی ہوگا دھماکے دار کردار

ساؤتھ انڈین سپر اسٹار رجنی کانت کی بلاک بسٹر فلم جیلر کے شاندار باکس آفس کامیابی کے بعد اس کے سیکوئل جیلر 2 نے ابھی سے شائقین میں زبردست جوش پیدا کر دیا ہے۔ پہلی فلم نے دنیا بھر میں 605 سے 650 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کر کے کی تاریخ میں اپنا نام سنہری حروف میں درج کرایا تھا۔

اب جیلر 2 کے حوالے سے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ معروف اداکارہ ودیا بالن باضابطہ طور پر فلم کا حصہ بن گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ودیا بالن اسکرپٹ سے بے حد متاثر ہوئیں اور انہوں نے ایک مضبوط، تہہ دار اور کہانی کا رخ بدلنے والا کردار سائن کیا ہے۔ ان کا کردار فلم میں اہم موڑ ثابت ہوگا اور کہانی میں سنجیدگی اور شدت کا عنصر شامل کرے گا۔

ہدایتکار نیلسن دلیپ کمار کی ہدایت میں بننے والی اس فلم میں رجنی کانت ایک بار پھر اپنے مشہور کردار ٹائیگر متھویِل پانڈین کے روپ میں جلوہ گر ہوں گے۔ فلم کو سن پکچرز پروڈیوس کر رہا ہے، جبکہ موہن لال، شیوا راج کمار، ننداموری بالا کرشنا اور متھن چکرورتی کے کیمیو کردار اسے پین انڈیا اپیل دیں گے۔

اطلاعات کے مطابق جیلر 2 کی شوٹنگ 10 مارچ 2025 کو چنئی میں شروع ہوئی، جس کے بعد پلکّڑ اور گوا میں اہم ایکشن مناظر فلمائے گئے۔ شوٹنگ کا سلسلہ دسمبر 2025 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ فلم میں متھویِل پانڈین کو پہلے سے کہیں زیادہ خطرناک دشمنوں کا سامنا کرتے دکھایا جائے گا، جس میں بھرپور ایکشن اور خونریز مناظر شامل ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم ساز 14 اگست 2026 کو فلم کو شاندار انداز میں سینما گھروں کی زینت بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں، اگرچہ حتمی اعلان ہونا ابھی باقی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جیلر کا پہلا حصہ بھی اگست میں ریلیز ہوا تھا اور اس نے باکس آفس پر تاریخ رقم کی تھی۔

پاکستان