اہم ترین

آسٹریلیا میں فائرنگ سے 16 افراد کی ہلاکت: پاکستان کے خلاف جھوٹا بھارتی پروپیگنڈا بے نقاب

آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے مشہور بونڈائی ساحل پر پیش آنے والے حملے کے بعد سوشل میڈیا پر ایک خطرناک اور گمراہ کن پروپیگنڈا شروع کر دیا گیا، جس میں حملہ آور کو پاکستانی قرار دینے کی کوشش کی گئی۔ حملہ آور کی شناخت “نوید اکرم” سامنے آنے پر بھارت سمیت مختلف ممالک کے بعض سوشل میڈیا صارفین اور میڈیا حلقوں نے سڈنی میں مقیم ایک پاکستانی نوجوان شیخ نوید کو غلط طور پر حملہ آور قرار دے دیا۔

پروپیگنڈے کے تحت سوشل میڈیا پر شیخ نوید کی تصاویر وائرل کی گئیں، جن میں وہ ایک کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی شرٹ پہنے نظر آ رہے ہیں، اور انہیں دہشتگردی کے واقعے سے جوڑنے کی مذموم کوشش کی گئی۔

اس صورتحال پر شیخ نوید نے ایک ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کا اس حملے یا کسی بھی دہشتگرد سرگرمی سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد اور جھوٹے الزامات نے ان کی جان، سلامتی اور ساکھ کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے، جبکہ ان کی تصاویر استعمال کر کے سراسر جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے۔

شیخ نوید نے سوشل میڈیا صارفین سے اپیل کی ہے کہ وہ اس جھوٹے پروپیگنڈے کو فوری طور پر روکیں اور بغیر تصدیق کسی پر الزام لگانے سے گریز کریں۔

واضح رہے کہ آسٹریلوی پولیس کے مطابق حملے میں ملوث ایک شخص موقع پر ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے بتایا ہے کہ دونوں افراد باپ بیٹے ہیں، تاہم ان کے پس منظر، قومیت یا دیگر تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔

یہ واقعہ ایک بار پھر اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کسی سانحے کے بعد بغیر تصدیق معلومات پھیلانا نہ صرف گمراہ کن بلکہ بے گناہ افراد کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

پاکستان