لاہور کی ایڈیشنل سیشن کورٹ نے سوشل میڈیا پر جوئے کی ایپس کی مبینہ پروموشن کے مقدمے میں معروف ٹک ٹاکرز رجب بٹ اور ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا کی عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج منصور علی قریشی نے کیس کی سماعت کے بعد دونوں ملزمان کی عبوری ضمانت 6 جنوری تک منظور کرتے ہوئے انہیں اس تاریخ تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے دونوں ملزمان کو تفتیش میں شامل ہونے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عدالتی کارروائی کے دوران بتایا گیا کہ رجب بٹ اور ندیم نانی والا کے خلاف این سی سی آئی اے (نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی) کی جانب سے جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے غیر قانونی جوئے کی ایپس کو پروموٹ کیا۔
عدالت میں پیش ہونے والے ریکارڈ کے مطابق رجب بٹ نے این سی سی آئی اے کے ایک مقدمے میں جبکہ ندیم نانی والا نے دو مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔ دونوں ملزمان کی جانب سے بیرسٹر میاں علی اشفاق نے عدالت میں دلائل دیے اور مؤقف اختیار کیا کہ ملزمان نے کسی غیر قانونی سرگرمی میں براہ راست ملوث ہونے سے انکار کیا ہے۔
عدالت نے ابتدائی دلائل اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد دونوں ٹک ٹاکرز کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے آئندہ سماعت تک ضمانت منظور کرلی، جبکہ کیس کی مزید سماعت 6 جنوری کو ہوگی۔











