اہم ترین

بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے: اسحاق ڈار

نائب وزیرِاعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت بغیر اطلاع دیے ڈیموں سے پانی چھوڑ کر پانی کو ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جو عالمی بینک کی ثالثی سے طے شدہ انڈس واٹر ٹریٹی کی خلاف ورزی ہے۔

اسلام آباد میں سفارتی برادری کے لیے ہنگامی میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت پاکستان کے زرعی سائیکل کے ایک نازک مرحلے پر پانی کے بہاؤ میں ہیرا پھیری کر رہا ہے، جس سے لوگوں کے روزگار کے ساتھ ساتھ ملک کی غذائی اور معاشی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں سال دو مرتبہ دریائے چناب کے بہاؤ میں غیرمعمولی اور اچانک تبدیلیاں دیکھی گئیں، جو 30 اپریل سے 21 مئی اور 7 دسمبر سے 15 دسمبر کے درمیان ریکارڈ ہوئیں۔ دریائے چناب سے پانی کے تازہ غیر معمولی اخراج کا پتہ اس ہفتے چلا. ایسا غیر قانونی اور غیر ذمہ دارانہ رویہ پاکستان میں انسانی بحران کو جنم دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ کشن گنگا اور رتلے جیسے پن بجلی منصوبوں میں بھارت کی جانب سے ایسے ڈیزائن شامل کیے گئے ہیں جو معاہدے کی تکنیکی شرائط کی خلاف ورزی ہیں۔ بھارت غیرقانونی ڈیم تعمیر کر رہا ہے اور معاہدے کی ذمہ داریوں کو نظرانداز کرتے ہوئے ایک ناقابلِ تلافی صورتحال پیدا کر رہا ہے۔

پاکستان