اہم ترین

جنوبی افریقا میں شراب خانے پر فائرنگ سے 9 افراد ہلاک

جنوبی افریقا کے شہر جوہانسبرگ کے قریب واقع بیکرزڈال ٹاؤن شپ میں ایک لائسنس یافتہ شراب خانے (ٹیورن) پر مسلح افراد کی اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 9 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہو گئے۔

الجزیرہ کے مطابق یہ واقعہ اتوار کی علی الصبح پیش آیا۔ تقریباً 12 نامعلوم مسلح افراد ایک وین اور کار میں سوار ہو کر ٹیورن پہنچے اور اندر موجود افراد پر فائرنگ شروع کر دی۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے نہ صرف ٹیورن کے اندر موجود افراد کو نشانہ بنایا بلکہ فرار ہوتے وقت بھی فائرنگ جاری رکھی، جس سے جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ نیشنل اور صوبائی کرائم سین مینجمنٹ ٹیمیں، سنگین جرائم کے تفتیشی افسران، کرائم انٹیلیجنس اور ڈیٹیکٹیوز کو جائے وقوعہ پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ؎جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے اور عینی شاہدین کے بیانات قلمبند کیے جا رہے ہیں۔ تاحال فائرنگ کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور جلد ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

یہ واقعہ ایک بار پھر جنوبی افریقہ میں بڑھتے ہوئے پرتشدد جرائم پر سنگین سوالات کھڑے کرتا ہے، جہاں عوامی مقامات پر اس نوعیت کے حملے تشویش کا باعث بن رہے ہیں۔

پاکستان