بھارتی ٹی وی اور فلم اداکارہ حنا خان اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں کینسر کے دوران علاج میں ہونے والی کیمو تھراپی کا درد بتاتے ہوئے رو پڑیں۔۔
بھارت کی مشہور ٹی وی اداکارہ حنا خان نے حال ہی میں اداکارہ سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ آل اباؤٹ ہر میں اپنی زندگی کے ایک نہایت مشکل دور پر روشنی ڈالی۔ یہ دور ان کے کینسر کے علاج سے جڑا ہوا تھا۔
حنا خان نے بتایا کہ کیموتھراپی کے دن ان کے لیے بے حد تکلیف دہ ہوتے تھے۔ وہ ہر تین ہفتے بعد کیموتھراپی کرواتی تھیں۔ ان کے مطابق علاج کا پہلا ہفتہ سب سے زیادہ مشکل ہوتا تھا، جس دوران جسم میں شدید درد، کمزوری اور اعصابی تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد آنے والے دو ہفتے نسبتاً بہتر ہوتے تھے، جن میں وہ سفر کرتیں، اپنے دوستوں اور خاندان کے ساتھ وقت گزارتی تھیں اور زندگی کے چھوٹے چھوٹے لمحوں سے خوشی حاصل کرنے کی کوشش کرتی تھیں۔
حنا خان کا کہنا تھا کہ کینسر جیسے مشکل مرض کے دوران مثبت سوچ رکھنا اور زندگی کو بھرپور طریقے سے جینا نہایت ضروری ہے۔ مریضوں کو کیموتھراپی کے سیشنز کے درمیان وقفہ دیا جاتا ہے تاکہ جسم کو سنبھلنے اور بحالی کا موقع مل سکے، جو مریض کی حالت اور ڈاکٹر کے مشورے پر منحصر ہوتا ہے۔











