اہم ترین

ایک اوورمیں 5 وکٹیں: انڈونیشیا کے گیڈے پریاندانا نے ٹی 20انٹرنیشنل میں تاریخ رقم کر دی

انڈونیشیا کے 28 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر گیڈے پریاندانا نے کرکٹ کی تاریخ میں نیا باب رقم کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں پانچ وکٹیں حاصل کر لیں۔ یہ کارنامہ انہوں نے منگل کو بالی میں کمبوڈیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں انجام دیا، جس کے ساتھ ہی وہ مردوں اور خواتین دونوں میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں پانچ وکٹیں لینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

کرک انفو کے مطابق 168 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کمبوڈیا کی ٹیم 15 اوورز کے اختتام پر 106 رنز پر 5 وکٹیں گنوا چکی تھی اور میچ میں ابھی مقابلہ باقی تھا۔ اسی موقع پر پریاندانا اپنا پہلا اوور کرنے آئے اور میچ کا رخ یکسر بدل دیا۔ اوور کی پہلی تین گیندوں پر انہوں نے شاہ ابرار حسین، نرمل جیت سنگھ اور چنتھوئن رتھنک کو آؤٹ کر کے ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ چوتھی گیند ڈاٹ رہی، جس کے بعد انہوں نے مونگدارا سوک اور پیل وینک کو بھی پویلین واپس بھیج دیا۔

اس اوور میں کمبوڈیا صرف ایک رن بنا سکی، جو آخری دو وکٹوں کے درمیان ایک وائیڈ کی صورت میں آیا، اور یوں ٹیم 60 رنز کے بڑے فرق سے ہدف سے دور رہتے ہوئے میچ ہار گئی۔

میچ کے آغاز میں پریاندانا نے بیٹنگ میں بھی حصہ لیا اور اوپننگ کرتے ہوئے 11 گیندوں پر 6 رنز بنائے۔ تاہم انڈونیشیا کی جانب سے بیٹنگ کا اصل ستارہ وکٹ کیپر بیٹر دھرما کسما رہے، جنہوں نے شاندار ناقابلِ شکست 110 رنز (68 گیندوں پر) اسکور کیے، جس میں 8 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔

واضح رہے کہ اگرچہ یہ کارنامہ بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پہلی بار انجام دیا گیا ہے، تاہم مردوں کی ڈومیسٹک ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اس سے قبل دو بار ایسا ہو چکا ہے۔ 2013-14 میں الامین حسین نے وکٹری ڈے ٹی ٹوئنٹی کپ میں پانچ وکٹیں ایک اوور میں حاصل کی تھیں، جبکہ 2019-20 کے سید مشتاق علی ٹرافی سیمی فائنل میں ابھمنیو متھن نے یہی اعزاز حاصل کیا تھا۔

اس سے قبل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک اوور میں چار وکٹیں لینے کے 14 واقعات ہو چکے ہیں، جن میں سب سے مشہور مثال لاسیتھ ملنگا کی ہے، جنہوں نے 2019 میں نیوزی لینڈ کے خلاف چار گیندوں پر چار وکٹیں حاصل کر کے دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

پاکستان