اہم ترین

دل کو بیماریوں سے بچانا ہے تو مالٹے اور کینو کھانے ہیں: نئی تحقیق

اگر آپ سمجھتے ہیں کہ مالٹے کا جوس صرف تازگی یا وٹامن سی کے لیے ہوتا ہے تو اب آپ کو اپنی رائے بدلنی پڑ سکتی ہے۔ ایک نئی سائنسی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ مالٹے کا جوس دل کی صحت کے لیے ایک طاقتور قدرتی محافظ ثابت ہو سکتا ہے۔

معروف سائنسی جریدے مالیکیولر نیوٹریشن اینڈ فوڈ ریسرچ میں شائع تحقیق کے مطابق ماہرین نے مالٹے کے جوس کو جینز کی سطح پر جانچا۔ یعنی یہ دیکھا گیا کہ یہ مشروب ہمارے جسم کے اندر جا کر کن جینز کو خاموش کرتا ہے اور کن کو فعال بناتا ہے۔

تحقیق کے مطابق مالٹے کا جوس ہائی بلڈ پریشر سے جڑے جینز کو کمزور کرتا ہے۔ سوزش پیدا کرنے والے جینز کو دباتا ہے اور دل کے لیے نقصان دہ عمل کو سست کر دیتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ سوزش دل کے دورے، فالج اور شریانوں میں چکنائی جمنے کی بڑی وجہ بنتی ہے، اور مالٹے کا جوس اس خطرے کو کم کرنے میں مددگار ہو سکتا ہے۔

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ مالٹے کا جوس چربی کو میٹابولائز کرنے والے جینز کو متحرک کرتا ہے، جس سے جسم چکنائی کو بہتر طریقے سے استعمال کرتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ دل پر اضافی دباؤ کم ہو سکتا ہے۔

تحقیق کا ایک دلچسپ پہلو یہ بھی رہا کہ مالٹے کے جوس کے اثرات ہر جسم پر یکساں نہیں تھے۔ زائد وزن رکھنے والے افراد میں چکنائی کے میٹابولزم میں نمایاں بہتری دیکھی گئی، جبکہ نارمل وزن والے افراد میں سوزش میں زیادہ کمی ریکارڈ کی گئی۔

ماہرین کے مطابق اس کی وجہ ہر انسان کا میٹابولزم، جینیاتی ساخت اور آنتوں کے بیکٹیریا ہو سکتے ہیں۔

دل کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ مالٹے کا جوس فائدہ مند ہے، مگر زیادہ مقدار میں پینا نقصان دہ بھی ہو سکتا ہے کیونکہ اس میں قدرتی شکر موجود ہوتی ہے۔

ڈاکٹروں کے مطابق پورا مالٹا کھانا جوس پینے سے بہتر ہے۔ کیونکہ پورے پھل میں فائبر ہوتا ہے جو شوگر کو آہستہ جذب ہونے دیتا ہے جبکہ جوس میں فائبر کم ہو جاتا ہے

ماہرین یہ بھی کہتے ہیں کہ مالٹے کے علاوہ سبز پتوں والی سبزیاں، بیریز، گری دار میوے، زیتون کا تیل اور اومیگا تھری سے بھرپور غذائیں بھی دل کو مضبوط رکھنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

پاکستان