امریکی ٹیک کمپنی مائیکروسافٹ نے ایچ 1 پی اور ایچ 4 ویزا پر امریکا میں کام کرنےوالوں کو بیرون ملک سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کردی۔
ایچ 1 بی ویزا امریکا میں کام کے لئے آنے والوں جب کہ ایچ4 ویزا وہاں مقیم افراد کے اہل خانہ کو جاری کیا جاتا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ سے 15 دسمبر 2025 سے اپنے ویزا سسٹم میں آن لائن پریزنس ریویو کو ایچ 1 بی اور ایچ4 ویزا درخواست دہندگان پر بھی نافذ کیا ہے، جو پہلے صرف طالب علم ویزا پر تھا۔
آن لائن پریزنس ریویو سے مراد ویزا کے لئے درخواست دہندگان کے سبھی سوشل میڈیا پروفائلز کی جانچ پڑتال ہے۔ جائزہ کے دوران افسران پوسٹس، تبصرے، تصاویر، گروپ ممبرشپ، اور پروفائل انفارمیشن وغیرہ دیکھ سکتے ہیں اور دریافت کر سکتے ہیں کہ آیا درخواست میں دی گئی معلومات سے آن لائن موجود معلومات مطابقت رکھتی ہیں یا نہیں۔
امریکی حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام سیکیورٹی وجوہات اور ویزا نظام کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے، تاکہ ایسے افراد کی شناخت ہو سکے جو امریکا کی قومی سلامتی یا عوامی حفاظت کے لیے خطرہ ہو سکتے ہیں۔
اسی تناظر میں مائیکرو سافٹ نےامریکا میں مقیم اپنے تمام غیر ملکی ملازمین کو خبردار کیا ہےکہ وہ اوران کے اہل خانہ بین الاقوامی آمد ورفت ختم کردیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ نئی سوشل میڈیا اسکریننگ کی وجہ سے ویزا اپائنٹمنٹس دوبارہ شیڈول کیے جا رہے ہیں، جس سے امریکا واپسی میں تاخیر یا مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔
مائیکروسافٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہدایت میں بتایا گیا ہے کہ امریکی قونصل خانوں میں ویزا اپائنٹمنٹس میں سب سے زیادہ تبدیلی ہو رہی ہے۔ اس کے تحت ایچ1پی اور ایچ 4 ویزا ہولڈرز کو سفر کی منصوبہ بندی میں احتیاط برتنے کی تاکید کی گئی ہے۔











