رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجےدت جیسے ستاروں سے سجی پاکستان مخالف ایکشن تھرلر فلم دھریندر نے باکس آفس پر تاریخ رقم کر دی ہے۔ فلم نے محض تین ہفتوں میں دنیا بھر سے 1000 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کر کے خود کو آل ٹائم بلاک بسٹرز کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق دھریندر ناصرف بھارتی سینما گھروں بلکہ دنیا کے دیگر ملکوں میں بھی بھرپورکامیابی سمیٹ رہی ہے۔
فلم کے آفیشل اعداد و شمار کے مطابق 21 دنوں میں دھریندر نے اوورسیز مارکیٹ سے 217.50 کروڑ روپے کا بزنس کیا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس عرصے میں کوئی بڑی بالی ووڈ فلم ریلیز نہ ہونے کی وجہ سے دھریندر نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ حتیٰ کہ نئی فلم ’تو میری، میں تیرا‘ کی ریلیز کے باوجود دھریندر ٹکٹ کھڑکیوں پر مکمل طور پر چھائی ہوئی ہے، جو فلم کی مضبوط مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
بھارتی باکس آفس پر فلم نے اب تک 789.18 کروڑ روپے کمائے ہیں اور اگراوورسیز کمائی کو شامل کیا جائے تو فلم کی عالمی مجموعی کمائی 1006.68 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہے۔
’دھریندر ‘ اب ان چند منتخب بھارتی فلموں میں شامل ہو گئی ہے جنہوں نے دنیا بھر میں 1000 کروڑ روپے کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔ ماہرین کے مطابق فلم جلد ہی ’کلکی 2898 اے ڈی (1054.67 کروڑ) کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی آٹھویں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی فلم بن سکتی ہے۔
دھریندر کے علاوہ ہزار کروڑ کلب میں شامل بھارتی فلموں میں دنگل (2059.04 کروڑ)، باہوبلی 2 (1800کروڑ)، پشپا2 (1785.84 کروڑ)، آرآرآر (1275.51 کروڑ)، کےجی ایف چیپٹر 2 (1230کروڑ )، جوان (1163.82 کروڑ)، پٹھان (1069.85 کروڑ) اور کلکی 2898 اے ڈی (1054.67 کروڑ) شامل ہیں۔
واضح رہے کہ دھریندر کے سیکوئل کا پہلے ہی اعلان ہو چکا ہے جو 19 مارچ 2026 کو نمائش کے لیے پیش کیا جائے گا۔











