اہم ترین

انگلینڈ 15 سال بعد آسٹریلیا کو اس کے ہوم گراؤڈ میں ٹیسٹ میچ ہرانے میں کامیاب

میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے آسٹریلیا کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔ انگلینڈ نے 15 سال بعد آسٹریلیا کی سرزمین پر ٹیسٹ میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

میچ کے دوسرے دن انگلش باؤلرز نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے آسٹریلیا کو صرف 132 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ 92 ہزار سے زائد شائقین کی موجودگی میں کھیلے گئے اس میچ میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف ملا۔

ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ نے جارحانہ انداز اپنایا۔ زیک کراؤلی نے 37 اور جیکب بیتھل نے 40 رنز کی اہم اننگز کھیلیں۔ ہیری بروک 18 اور جیمی اسمتھ 3 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور انگلینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر میچ اپنے نام کر لیا۔ اس موقع پر انگلینڈ کے مداحوں ’’بارمی آرمی‘‘ کے نعروں سے اسٹیڈیم گونج اٹھا۔

میچ کے بعد انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے کہا کہ یہ جیت ایک مشکل دورے کے بعد بہت خاص ہے۔ ٹیم کو تنقید، دباؤ اور مختلف الزامات کا سامنا تھا لیکن کھلاڑیوں نے حوصلہ اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔

اس سے قبل انگلینڈ سیریز کے ابتدائی تین ٹیسٹ ہار چکا تھا اور میلبورن ٹیسٹ میں زبردست دباؤ میں تھا۔ تاہم اس فتح کے بعد انگلینڈ کا اعتماد بحال ہو گیا ہے اور ٹیم اب سڈنی میں ہونے والے آخری ٹیسٹ کے لیے پُرعزم نظر آ رہی ہے۔

آسٹریلوی کپتان اسٹیو اسمتھ نے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دونوں اننگز میں 50 سے 60 رنز مزید بنا لیے جاتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔ انہوں نے پچ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا جہاں دو دن میں 36 وکٹیں گریں۔

پاکستان