پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے برطانیہ سے چلائے جانے والے آفیشل ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے پاکستان کی عسکری قیادت کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز تقاریر پر مشتمل ایک ویڈیو ہٹا دی گئی ہے۔
پی ٹی آئی آفیشل یوکے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بریڈفورڈ میں ہونے والے حالیہ احتجاج کی ایک ویڈیو حذف کر دی گئی ہے، جس میں ایک شہری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے بارے میں اشتعال انگیز کلمات کہے تھے۔ بیان کے مطابق اگرچہ پارٹی کا مؤقف ہے کہ مذکورہ فرد نے تشدد پر اکسانے کی کوشش نہیں کی، تاہم کسی بھی ممکنہ غلط فہمی سے بچنے اور اس شخص کے قانونی تحفظ اور حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ویڈیو ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس معاملے پر پاکستان کی حکومت نے برطانوی حکام کو ایک خط ارسال کیا تھا، جس میں بریڈفورڈ میں ہونے والے مظاہرے کے دوران مبینہ شرانگیز بیانات پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ برطانیہ میں پولیس اور استغاثہ حکومتی اثر و رسوخ سے آزاد ہو کر کام کرتے ہیں۔ ترجمان کے مطابق اگر کسی غیر ملکی حکومت کو یقین ہو کہ کوئی جرم سرزد ہوا ہے تو وہ متعلقہ شواہد یا مواد برطانوی پولیس کو فراہم کرے۔
پی ٹی آئی یوکے کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پارٹی کسی بھی غیر قانونی عمل کی حمایت نہیں کرتی اور آزاد شہریوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنے بیانات دیتے وقت احتیاط سے کام لیں تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی پیدا نہ ہو۔
بیان کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف، پارٹی بانی عمران خان کی ہدایات کے مطابق عدم تشدد اور قانون کی حکمرانی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔











