اہم ترین

امریکی گلوکارہ بیونسے فوربز ارب پتی فہرست میں شامل

عالمی شہرت یافتہ گلوکارہ اور انٹرٹینر بیونسے نے ایک اور شاندار سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ فوربز کے مطابق 44 سالہ بیونسے اب دنیا کے چند منتخب ارب پتی فنکاروں میں شامل ہو چکی ہیں، جہاں پہلے ہی ان کے شوہر اور معروف ریپر جے زیڈ کے ساتھ ٹیلر سوئفٹ، بروس اسپرنگسٹین اور ریحانہ جیسے بڑے نام موجود ہیں۔

بیونسے کی یہ کامیابی چند سالوں کی مسلسل محنت، ریکارڈ توڑ ٹورز اور اسمارٹ بزنس فیصلوں کا نتیجہ ہے۔

سال 2023 میں ان کےرینائسینس ورلڈ ٹور نے تقریباً 600 ملین ڈالر کمائے، جو موسیقی کی تاریخ کے کامیاب ترین ٹورز میں شمار ہوتا ہے۔

اس کے بعد 2024 میں بیونسے نے اپنی موسیقی کو نیا رخ دیتے ہوئے کنٹری میوزک البم “کاؤبوائے کارٹر ریلیز کیا، جس نے نہ صرف شائقین کو حیران کیا بلکہ گریمی ایوارڈ بھی اپنے نام کیا۔

سال 2025 میں انہوں نے دنیا کا سب سے زیادہ کمائی کرنے والا میوزک ٹور کر کے ایک اور ریکارڈ قائم کر دیا۔

فوربز کے اندازوں کے مطابق بیونسے نے 2025 میں ٹیکس سے قبل 148 ملین ڈالر کمائے، جس کے بعد وہ دنیا کی تیسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی موسیقار بن گئیں۔

اگرچہ فوربز نے ان کی مجموعی دولت کا حتمی عدد ظاہر نہیں کیا، تاہم یہ واضح کیا گیا کہ بیونسے کی آمدنی کا بڑا حصہ ان کی موسیقی، عالمی ٹورز اور اپنے گانوں کے حقوق پر مکمل کنٹرول سے آتا ہے۔

انہوں نے اپنی پروڈکشن کمپنی پارک وڈ انٹرٹینمنٹ کے ذریعے اپنے کیریئر کو خود سنبھالا ہوا ہے۔

اس کے علاوہ بیونسے نے ہیئر کیئر برانڈ، وہسکی لیبل اور فیشن لائن جیسے بزنس منصوبوں میں بھی قدم رکھا، مگر فوربز کے مطابق ان کی اصل طاقت اب بھی موسیقی اور اسٹیج ہی ہے۔

پاکستان