اہم ترین

پاکستان پانڈا بانڈ کے اجرا کے لیے تیار، پاک چین اقتصادی شراکت داری میں نیا موڑ

پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون ایک نئے اور اہم مرحلے میں داخل ہو گیا ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان آئندہ چند ہفتوں میں چینی کیپیٹل مارکیٹ میں پانڈا بانڈ جاری کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جو دونوں ممالک کے معاشی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

چائنہ گلوبل ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پانڈا بانڈ کے اجرا سے پاکستان کو دنیا کی دوسری بڑی کیپیٹل مارکیٹ تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی، جبکہ امریکی ڈالر پر انحصار کم کرنے اور یورو و سکوک مارکیٹس کے ساتھ فنانسنگ کو متنوع بنانے میں بھی مدد ملے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور 2025 کے پہلے آٹھ ماہ میں دوطرفہ تجارتی حجم 17 ارب ڈالر تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے چین کی جانب سے ہر بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی حمایت کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ کے مطابق سی پیک کے پہلے مرحلے میں انفراسٹرکچر اور توانائی پر توجہ دی گئی، جبکہ صدر شی جن پنگ سے رواں سال ہونے والی ملاقاتوں کے بعد سی پیک فیز ٹو کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے، جس میں بزنس ٹو بزنس تعاون، زراعت، معدنیات، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل معیشت کو ترجیح دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہزاروں پاکستانی زرعی اور آئی ٹی گریجویٹس چین میں جدید تربیت حاصل کر کے وطن واپس آئیں گے، جس سے ملکی معیشت کو نئی سمت ملے گی۔ وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ایک واضح اسٹریٹجک اور اقتصادی روڈ میپ موجود ہے، جو اس شراکت داری کو طویل المدتی بنیادوں پر مزید مستحکم کرے گا۔

پاکستان