ملائیشیا کے سابق وزیرِاعظم اور سینئر سیاستدان مہاتیر محمد گھر میں پیش آنے والے حادثے کے بعد اسپتال منتقل کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کے کولہے کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔
اے ایف پی کے مطابق مہاتیر محمد کے ایک معاون صوفی یوسف نے بتایا کہ مہاتیر محمد منگل کو اپنے مکان میں بیلکونی سے لونگ روم کی جانب جاتے ہوئے گر پڑے، جس کے نتیجے میں ان کی دائیں کولہے میں فریکچر ہو گیا۔
انہوں نے آگاہ کیا کہ مہاتیر کو کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹیٹیوٹ لے جایا گیا، جہاں وہ اگلے چند ہفتوں تک علاج اور نگرانی کے لیے اسپتال میں رہیں گے۔
ملائیشیا کے موجودہ وزیراعظم انوار ابراہیم اور ان کی اہلیہ وان عزیزہ وان اسماعیل نے مہاتیر کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔ وزیراعظم نے فیس بک پر لکھا، عزیزہ اور میں دعاگو ہیں کہ ٹن (مہاتیر) جلد صحتیاب ہوں، ان شاء اللہ۔
مہاتیر محمد نے 1981 سے 2003 تک اور پھر 2018 سے 2020 تک ملک کی قیادت کی۔ اپنی دوسری مدت کے دوران 94 سال کی عمر میں منتخب ہونے کے ناطے وہ دنیا کے سب سے عمر رسیدہ منتخب رہنما تھے۔ انہوں نے گزشتہ برسوں میں دل کی مشکلات کے باعث بائی پاس سرجری بھی کروائی ہے۔











