قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں حکومت نے واضح کیا ہے کہ یکم جنوری سے گیس کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔
اجلاس کے دوران وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ یہ فیصلہ وزیرِاعظم کے احکامات کے مطابق کیا گیا ہے اور موجودہ صورتحال میں صارفین کو ریلیف فراہم کرے گا۔
وزیرِ پیٹرولیم نے مزید کہا کہ گیس کے گردشی قرض میں مزید اضافہ نہیں ہو رہا اور قطر نے مشکل حالات کے باوجود معاہدے کی شرائط کو برقرار رکھا ہے۔
اجلاس میں سوئی کمپنیوں کے حوالے سے بھی ہدایات دی گئیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سوئی کمپنیوں کو صرف ارجنٹ فیس والے گھریلو صارفین کے ایل این جی کنیکشن معطل کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم علی پرویز ملک نے اعلان کیا کہ ارجنٹ فیس کے بغیر والے گھریلو صارفین کے لیے بھی ایل این جی کنیکشن فراہم کرنا شروع کر دیے جائیں۔
یہ اقدام صارفین کے لیے آسانیاں پیدا کرے گا اور گیس کی دستیابی کو یقینی بنائے گا، جبکہ حکومت قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔











