غصہ ہو یا محبت، ہنسی آئے یا رونا۔۔۔۔ آنکھیں انسانی کا ایسا عضو ہیں کہ جو جذبات کا بخوبی اظہار کرتی ہیں۔ لیکن بھارت میں ایک خاتون کی تصویر کو لوگ اپنی زیر تعمیر عمارات کے باہر بری نظر سے بچانے کے لئے لگانے لگے ہیں۔ اس کی وجہ ان خاتون کی بڑی بڑی آنکھیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے کرنا ٹکا میں سفر کے دوران دیکھا کہ بازاروں، زیر تعمیرعمارتوں اور مکانات کے باہر ہر جگہ ساڑھی پہنے ایک عورت کی تصویر لگی ہوئی ہے، جس کی آنکھوں میں غصہ ہے۔ گہرے کاجل سے وہ خاتون اور بھی خونخوارلگ رہی ہیں۔
حقیقت جاننے کے لیے اس خاتون نے گوگل لینس کا بھی استعمال کیا، مگر کوئی واضح معلومات نہیں مل سکیں۔ آخرکار اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابق ٹوئٹر) پر سوال کیا کہ یہ عورت آخر کون ہے؟
یہ پوسٹ 5 جنوری 2026 کو کی گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔ بہت سے لوگوں نے تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے کہا کہ یہ تصویر نظر بد سے بچنے کے لیے لگائی جاتی ہے، جسے مقامی زبان میں دِرِشٹی گومبے کہا جاتا ہے۔
بعد میں معلوم ہوا کہ یہ خاتون نیہاریکا راؤ ہیں، جو ایک یوٹیوبر ہیں۔ کرناٹک میں بہت سے لوگ ان کی تصویر کو دکانوں، گھروں، کھیتوں اور تعمیراتی جگہوں پر منفی اثرات اور بری نظر سے بچنے کے لیے لگاتے ہیں۔
صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ سوشل میڈیا پر نہاریکا راؤ کی تصویر کے ساتھ طرح طرح کے میم بن رہےہیں۔











