اہم ترین

بھارتی فلم ساز وکرم بھٹ کی فراڈ کےالزام میں گرفتاری: عدالت بھی مدعی کےساتھ

بھارتی ریاست راجستھان کی ہائی کورٹ نے فراڈ کےالزما میں گرفتار معروف فلم ساز وکرم بھٹ کی جانب سے ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ یہ معاملہ محض معاہدے کی خلاف ورزی کا نہیں بلکہ جان بوجھ کر کی گئی دھوکہ دہی کا ہے، اس لیے فوجداری کارروائی کو روکا نہیں جا سکتا۔

وکرم بھٹ کے خلاف ایک سرمایہ کار نے مقدمہ درج کرایا تھا۔ مدعی کے مطابق فلم یا میڈیا پروجیکٹ کے نام پر ان سے رقم لی گئی، مگر نہ تو وعدے کے مطابق پروجیکٹ مکمل ہوا اور نہ ہی رقم واپس کی گئی۔ مدعی کا الزام ہے کہ یہ سب کچھ ابتدا ہی سے غلط نیت کے ساتھ کیا گیا۔

وکرم بھٹ نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ تنازع صرف کاروباری معاہدے سے متعلق ہے اور اسے سول معاملہ سمجھا جانا چاہیے، تاہم ہائی کورٹ نے اس دلیل کو قبول نہیں کیا۔

عدالت نے کہا کہ اگر شروع سے ہی نیت دھوکہ دینے کی ہواور رقم جان بوجھ کر حاصل کی گئی ہو تو معاملہ صرف کانٹریکٹ کی خلاف ورزی نہیں رہتا بلکہ دھوکہ دہی کا فوجداری جرم بنتا ہے۔

وکرم بھٹ 7 دسمبر سے عدالتی تحویل میں ہیں۔ ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ان کے خلاف کیس کی تفتیش و عدالتی کارروائی جاری رہے گی۔

پاکستان