بالی ووڈ اور ساؤتھ سنیما کے سپر اسٹار پربھاس کی نئی فلم دی راجا صاحب آخرکار 9 جنوری کو دنیا بھر کے سینما گھروں میں ریلیز ہو گئی ہے۔ یہ ایک ہائی بجٹ ہارنر کامیڈی فلم ہے، جس کا شائقین طویل عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ فلم کی ریلیز کے ساتھ ہی پہلے دن کی کمائی کو لے کر زبردست بحث شروع ہو گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق باکس آفس ٹریکر سیکنلک کے مطابق اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ دی راجا صاحب پہلے دن تمام زبانوں میں تقریباً 6.95 کروڑ روپے کا بزنس کر سکتی ہے۔ اگر یہ اندازہ درست ثابت ہوتا ہے تو فلم سال 2026 کی بڑی اوپننگ فلموں میں شامل ہو جائے گی۔
ماروتی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی ایڈوانس بکنگ نے بھی شاندار رفتار دکھائی ہے۔ صرف 24 گھنٹوں میں ٹکٹ بکنگ میں 357 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی فلم کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، جہاں ایک ہفتے کی ایڈوانس بکنگ سے 2 ملین امریکی ڈالر کی کمائی ہو چکی ہے، جبکہ اوپننگ ڈے پر ہی 1.77 ملین امریکی ڈالر حاصل کیے جا چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دی راجا صاحب کو کامیابی کی سند لینے کے لیے باکس آفس پر کم از کم 300 سے 400 کروڑ روپے کا بزنس کرنا ہوگا۔ فلم کے بھاری بجٹ کو دیکھتے ہوئے یہ ہدف خاصا بڑا مانا جا رہا ہے۔
دی راجا صاحب‘میں پربھاس کے ساتھ سنجے دت، مالویکا موہنن، ندھی اگروال، بومن ایرانی اور رِدھی کمار اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم کا میوزک مشہور میوزک ڈائریکٹر تھمن ایس نے دیا ہے۔
ریلیز کے بعد سوشل میڈیا پر فلم کو ملے جلے ریویوز مل رہے ہیں۔ کچھ ناظرین پربھاس کے انداز اور ہارنر کامیڈی کو پسند کر رہے ہیں، جبکہ کچھ کو اسکرپٹ پر اعتراض ہے۔
اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا ’دی راجا صاحب‘ آنے والے دنوں میں رفتار پکڑ کر باکس آفس پر بڑی ہٹ ثابت ہو پاتی ہے یا نہیں۔











