اہم ترین

ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے میچز کے مقام تبدیل ہونے کا امکان: بھارتی میڈیا

ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں بنگلا دیش کے میچز کے وینیوز تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ بھارتی رپورٹس کے مطابق اس حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔

کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ کا ورلڈ کپ 7 فروری سے بھارت اور سری لنکا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا۔ طے شدہ شیڈول کے مطابق بنگلا دیش کے گروپ میچز کولکتہ اور ممبئی میں ہونے تھے، تاہم اب ان میچز کو جنوبی بھارت منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔

کرکٹ سے متعلق بھارتی ویب سائیٹ کرک بز کی رپورٹ کے مطابق بنگلا دیش کے میچز سری لنکا منتقل ہونے کے امکانات کم ہیں، جبکہ زیادہ امکان ہے کہ مقابلے چنئی اور ترواننت پورم میں کرائے جائیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے سیکیورٹی خدشات کے باعث آئی سی سی سے بھارت میں میچز نہ کھیلنے کی درخواست کی تھی اور وینیوز سری لنکا منتقل کرنے کا مطالبہ کیا تھا، تاہم تازہ اطلاعات کے مطابق وینیو تبدیلی کا فیصلہ بی سی سی آئی کی جانب سے کیا گیا ہے۔

شیڈول کے مطابق بنگلا دیش اپنا پہلا میچ 7 فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کولکتہ میں کھیلنے والا تھا، جبکہ 9 فروری کو اٹلی اور 14 فروری کو انگلینڈ کے خلاف بھی کولکتہ میں مقابلے طے تھے۔

بنگلا دیش کا آخری لیگ میچ 17 فروری کو نیپال کے خلاف ممبئی میں ہونا تھا، تاہم اب ان میچز کے وینیوز تبدیل کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان