اہم ترین

گرین لینڈ خریدنے کی ضد: ٹرمپ کا یورپ پر 10 فیصد ٹیرف لگانے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکا کو گرین لینڈ کی مکمل اور حتمی خریداری کی اجازت نہ دی گئی تو یورپی ممالک پر بھاری تجارتی ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ ٹرمپ کے مطابق یہ ٹیرف یکم فروری سے نافذ ہوں گے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، برطانیہ، نیدرلینڈز اور فن لینڈ پر ابتدا میں 10 فیصد ٹیرف لگایا جائے گا، جو یکم جون سے بڑھا کر 25 فیصد کر دیا جائے گا۔ یہ پابندیاں اس وقت تک جاری رہیں گی جب تک امریکا اور گرین لینڈ کے حوالے سے کوئی معاہدہ طے نہیں پا جاتا۔

گرین لینڈ ڈنمارک کا خودمختار علاقہ ہے، اور اپنی اسٹریٹجک جغرافیائی حیثیت اور معدنی وسائل کی وجہ سے امریکا کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔

ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ گرین لینڈ امریکی قومی سلامتی کے لیے ناگزیر ہے اور انہوں نے طاقت کے استعمال کے امکان کو بھی رد نہیں کیا۔

امریکی اعلان کے بعد یورپی یونین کے 27 ممالک کے سفیروں نے 18 جنوری کو ہنگامی اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یورپی یونین کی قیادت نے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام ٹرانس اٹلانٹک تعلقات کو شدید نقصان پہنچا سکتا ہے۔

یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈر لائن اور یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹیرف کی دھمکیاں ایک خطرناک تجارتی تصادم کو جنم دے سکتی ہیں، تاہم یورپ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے متحد رہے گا۔

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے ٹرمپ کے مؤقف کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ گرین لینڈ یا یوکرین کے معاملے پر دھمکیوں سے یورپ کو مرعوب نہیں کیا جا سکتا۔ سویڈن کے وزیر اعظم اولف کرسٹرسن نے بھی واضح کیا کہ گرین لینڈ کے مستقبل کا فیصلہ صرف ڈنمارک اور گرین لینڈ کے عوام ہی کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوری 2025 میں ہونے والے ایک سروے کے مطابق گرین لینڈ کے 85 فیصد عوام امریکa کا حصہ بننے کے خلاف ہیں، جبکہ صرف 6 فیصد اس کے حق میں ہیں۔

پاکستان