بالی ووڈ میں ایک نئی جوڑی سلور اسکرین پر دھوم مچانے کے لیے تیار ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ویدانگ رینا اور نایومیکا سرن حال ہی میں معروف پروڈکشن ہاؤس میڈاک فلمز کے دفتر میں ایک ساتھ دیکھے گئے، جس کے بعد ان کے نئے فلمی پراجیکٹ سےمتعلق خبروں نے زور پکڑ لیا ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ دونوں اداکار ممبئی میں پروڈیوسر دنیش وجن کے دفتر میں اسکرپٹ ریڈنگ سیشن کے لیے موجود تھے۔ جس سے یہ قیاس آرائیاں مزید مضبوط ہو گئیں کہ یہ پراجیکٹ فائنل پری پروڈکشن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔
میڈاک فلمز کے بینر تلے بننے والی اس فلم کا عنوان ابھی رکھا نہیں گیا ۔ لیکن اس فلم کی شوٹنگ رواں برس ہی شروع ہوسکتی ہے۔ فلم کو ایک ہلکی پھلکی، نئے دور کی محبت کی کہانی بتایا جا رہا ہے، جو جین زی ناظرین کو خاص طور پر اپیل کرے گی۔
یہ فلم نایومیکا سرن کی بالی ووڈ میں پہلی فلم ہوگی۔ نایومیکا محض ایک نیا چہرہ نہیں بلکہ بالی ووڈ کی وراثت کی نمائندہ بھی ہیں۔ وہ اداکارہ رنکی کھنہ کی بیٹی اور سپر اسٹار راجیش کھنہ اور ڈمپل کپاڑیا کی نواسی ہیں، جس کے باعث ان سے توقعات خاصی بلند ہیں۔
نایومیکا گزشتہ ایک سال سے اداکاری اور رقص کی باقاعدہ تربیت حاصل کر رہی ہیں۔ میڈاک فلمز کی ٹیم اس بات پر متفق تھی کہ جب تک وہ مکمل طور پر تیار نہ ہوں، ان کے ڈیبیو کا باضابطہ اعلان نہیں کیا جائے گا۔











