اب تک راشن آرڈر کرنے، ٹکٹ بُک کرنے یا کسی بھی آن لائن کام کے لیے موبائل فون اٹھانا، ایپ کھولنا اور کئی مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔ لیکن اب ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی آنے والی ہے۔ جلد ہی یہ تمام کام صرف ایک آواز یا کمانڈ پر ہو جایا کریں گے، وہ بھی بغیر فون ہاتھ میں لیے۔
یہ سب ممکن ہوگا گوگل جیمِنائی کے اے آئی ایجنٹس کی مدد سے۔ جس طرح کمپیوٹر میں براؤزر کام کرتا ہے، اب اسی طرح موبائل فونز میں بھی اے آئی ایجنٹس آنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔
کیا ہوتے ہیں اے آئی ایجنٹس؟
اے آئی ایجنٹس دراصل ایسے سافٹ ویئر سسٹمز ہوتے ہیں جو صارف کی دی گئی ہدایت پر خود فیصلہ کرتے ہوئے کوئی خاص کام یا مقصد مکمل کرتے ہیں۔ ان میں سوچنے ، منصوبہ بندی کرنے اور یادداشت جیسی صلاحیتیں موجود ہوتی ہیں۔
یہ ایجنٹس صرف حکم پر عمل نہیں کرتے بلکہ خود سیکھتے ہیں، ماحول سے ڈیٹا اکٹھا کرتے ہیں اور یہ طے کرتے ہیں کہ دیا گیا کام کس طریقے سے بہترین انداز میں مکمل کیا جائے۔ انسان انہیں صرف ٹاسک دیتا ہے، اسے پورا کرنے کا طریقہ یہ خود منتخب کرتے ہیں۔
گوگل نے شروع کر دی ہے تیاری
گوگل اپنی جیمنئی ایپ کو مزید طاقتور بنانے میں مصروف ہے اور اس وقت فون کے لیے اے آئی ایجنٹس کی ٹیسٹنگ کی جا رہی ہے۔ جیمِنائی ایپ کے نئے یوزر انٹرفیس میں ایجنٹس سے متعلق اشارے سامنے آئے ہیں، جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گوگل جلد ہی اس فیچر کو متعارف کرانے والی ہے۔
گوگل کا مقصد ہے کہ صارفین کو اس کے تمام ڈیوائسز کے ذریعے اپنے اے آئی ماڈلز کی طرف متوجہ کیا جائے، اور جیمِنائی میں آنے والے اے آئی ایجنٹس اسی حکمتِ عملی کا حصہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، یہ فیچر سب سے پہلے پکسل اسمارٹ فونز میں آ سکتا ہے، جس کے بعد دیگر پریمیئم ڈیوائسز کے لیے بھی جاری کیا جائے گا۔۔











