اہم ترین

پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ آفیشلز کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والی تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ آفیشلز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ میچز 29 جنوری، 31 جنوری اور یکم فروری کو شیڈول ہیں۔ تینوں مقابلے شام 4 بجے شروع ہوں گے جبکہ ٹاس 3 بج کر 30 منٹ پر ہوگا۔

آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے میچ ریفری علی نقوی تینوں میچز میں پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے۔ سیریز کا دوسرا میچ علی نقوی کے بطور میچ ریفری 50ویں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی حیثیت رکھتا ہے۔ علی نقوی نے اپریل 2023 میں اسی قذافی اسٹیڈیم میں اپنے ٹی ٹوئنٹی ریفری کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

آئی سی سی ایلیٹ پینل کے امپائر احسن رضا سیریز کے پہلے دو میچز میں آن فیلڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ پہلے میچ میں ان کے ساتھ آئی سی سی ایمرجنگ پینل کے آصف یعقوب آن فیلڈ امپائر ہوں گے، جبکہ دوسرے میچ میں آئی سی سی انٹرنیشنل پینل آف امپائرز کے راشد ریاض احسن رضا کے ہمراہ آن فیلڈ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں راشد ریاض اور آئی سی سی انٹرنیشنل پینل کے امپائر ناصر حسین آن فیلڈ امپائر ہوں گے۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق پہلے میچ میں ناصر حسین تھرڈ امپائر اور راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔ دوسرے میچ میں آصف یعقوب تھرڈ امپائر جبکہ ناصر حسین فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ تیسرے میچ میں پی سی بی نیشنل ایلیٹ پینل کے طارق رشید اور ذوالفقار جان فورتھ امپائر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان یہ ٹی ٹوئنٹی سیریز شائقینِ کرکٹ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے، جس کے لیے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

پاکستان