اہم ترین

بگ بیش لیگ میں سڈنی سکسرز کو بابر اعظم کا ایک رن 3 لاکھ 87 ہزار روپے کا پڑگیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کو آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بگ بیش لیگ) میں کھیلنے کے لیے سڈنی سکسرز نے خطیر رقم ادا کی، تاہم ٹورنامنٹ کے اختتام پر ان کی کارکردگی ٹیم کے لیے خاطر خواہ واپسی ثابت نہ ہو سکی۔

اسٹار بلے باز بابر اعظم نے 2025-26 کے بگ بیش لیگ میں اپنی سڈنی سکسرز کی مہم ادھوری چھوڑ کر واپس پاکستان روانہ ہو گئے ہیں ۔

سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کو بگ بیش لیگ میں شامل کرنے کے لیے 7 کروڑ 80 لاکھ پاکستانی روپے ادا کیے، مگر اس بھاری معاوضے کے عوض بابر اعظم پورے ٹورنامنٹ میں صرف 202 رنز ہی بنا سکے۔

اعداد و شمار کے مطابق یوں سڈنی سکسرز کو بابر اعظم کا ہر ایک رن تقریباً 3 لاکھ 87 ہزار پاکستانی روپے میں پڑا، جو لیگ کی مہنگی ترین کارکردگیوں میں شمار کی جا رہی ہے۔

اگر کاروباری تناظر میں دیکھا جائے تو بابر اعظم کی کارکردگی ٹیم کی توقعات سے کم رہی، کیونکہ جس مقصد کے لیے انہیں اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا تھا، وہ بڑے اسکورز اور میچ وننگ اننگز تھیں، جو دیکھنے میں نہ آ سکیں۔

اگرچہ بابر اعظم کا شمار عالمی سطح کے نامور بیٹرز میں ہوتا ہے، تاہم بگ بیش لیگ میں ان کی یہ مہم نہ صرف سڈنی سکسرز کے لیے محدود واپسی کا باعث بنی بلکہ ناقدین کی جانب سے ان کی فارم اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مؤثریت پر بھی سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔

سڈنی سکسرز کی جانب سے بابر اعظم کی شمولیت ایک بڑی سرمایہ کاری سمجھی جا رہی تھی، مگر نتائج نے ثابت کیا کہ یہ سرمایہ کاری ٹیم کو مطلوبہ فائدہ نہ پہنچا سکی۔

پاکستان