اہم ترین

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ: بنگلا دیش کا بھارت میں میچز کھیلنے سے دوٹوک انکار

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے اپنا مؤقف برقرار رکھتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ وہ بھارت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز نہیں کھیلے گا۔ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے دی گئی مہلت ختم ہونے سے پہلے ہی اپنا حتمی فیصلہ سنا دیا۔

جمعرات کو ڈھاکہ میں پریس کانفرنس کے دوران بی سی بی کے صدر امین الاسلام بلبل نے بتایا کہ انہوں نے مشیر برائے کھیل آصف نذرل سے ملاقات کے بعد بورڈ کے فیصلے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بنگلہ دیش کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ٹیم بھارت کے بجائے کسی محفوظ مقام پر کھیلنے کی خواہاں ہے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے بدھ کو ہونے والی بورڈ میٹنگ میں بنگلہ دیش کو 24 گھنٹے کی مہلت دی تھی تاکہ وہ بھارت میں میچز کھیلنے یا نہ کھیلنے کے حوالے سے اپنا حتمی فیصلہ کرے، تاہم اس مدت کے ختم ہونے سے قبل ہی بنگلہ دیش نے انکار کر دیا۔

اس سے ایک روز قبل آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے بھارت میں شیڈول میچز کسی دوسرے ملک منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی تھی۔

مشیر برائے کھیل آصف نذرل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مؤقف بالکل واضح ہے اور قومی ٹیم بھارت میں نہیں کھیلے گی۔ ان کے مطابق بنگلہ دیش کو آئی سی سی کی جانب سے انصاف نہیں ملا، تاہم امید ہے کہ عالمی ادارہ سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے سری لنکا میں میچز کرانے کی درخواست پر دوبارہ غور کرے گا۔

آصف نذرل کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی جان و سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا اور دباؤ کے تحت فیصلے کرنے کے نتائج پر سنجیدگی سے غور ہونا چاہیے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس معاملے پر کھلاڑیوں سے براہِ راست بات چیت کی جا چکی ہے۔

اس موقع پر بی سی بی کے صدر امین الاسلام بلبل نے ایک بار پھر واضح کیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ آئی سی سی سے رابطہ جاری رکھے گا اور اپنا یہی مطالبہ دہراتا رہے گا کہ ٹیم بھارت کے بجائے سری لنکا میں ورلڈ کپ کے میچز کھیلے۔

پاکستان