اہم ترین

پاک آسٹریلیا ٹی 20 سیریز: قومی اسکواڈ میں بابر اور شاہین کی واپسی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کے لیے 16 رکنی قومی اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 29 اور 31 جنوری جبکہ یکم فروری کو کھیلے جائیں گے، جو شام 4 بجے شروع ہوں گے۔

قومی ٹیم کے دو اہم کھلاڑی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی، سری لنکا کے خلاف حالیہ سیریز میں شرکت نہ کرنے کے بعد دوبارہ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کر لیے گئے ہیں۔ شاداب خان بھی اپنی کم بیک سیریز کے بعد ٹیم کا حصہ ہوں گے اور اسپن بولنگ ڈیپارٹمنٹ میں ابرار احمد، محمد نواز اور اسمان طارق کے ساتھ ٹیم کو مضبوط بنائیں گے۔

پاکستانی اسکواڈ اور معاون عملہ 24 جنوری کو لاہور میں رپورٹ کرے گا اور اگلے دن سے سیریز کی تیاریوں کا آغاز کرے گا۔ دوسری جانب آسٹریلوی ٹیم 28 جنوری کو پاکستان پہنچے گی۔ یہ پاکستان میں آسٹریلیا کی دوسری ٹی ٹوئنٹی سیریز ہوگی، اس سے قبل اپریل 2022 میں ایک واحد میچ کھیلا گیا تھا۔

اسکواڈ کی قیادت سلمان علی آغا کریں گے، جبکہ کوچنگ اور سپورٹ اسٹاف میں ملکی و غیر ملکی ماہرین شامل ہیں، جن میں ہیڈ کوچ مائیک ہیسن بھی شامل ہیں۔

پاکستان