بھارتی پولیس نے بالی ووڈ فلم ناقد کمال آر خان کو رہائشی عمارت پر فائرنگ کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 18 جنوری 2026 کو ممبئی کے علاقے او شیوارا میں واقع ایک رہائشی عمارت پر فائرنگ ہوئی تھی۔
او شیوارا پولیس نے واقعے کی تفتیش کے بعد ممبئی کے علاقے معروف اداکار، پروڈیوسر اور سوشل میڈیا انفلوئنسر کمال آر خان (کے آر کے) کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کمال آر خان نے دورانِ تفتیش نے اعتراف کیا کہ فائرنگ انہی کی لائسنس یافتہ بندوق سے کی گئی تھی۔ پولیس نے فائرنگ میں استعمال ہونے والی بندوق بھی اپنی تحویل میں لے لی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مذکورہ عمارت میں فلم رائٹر اور ڈائریکٹر نیرج کمار مشرا دوسری منزل پر جبکہ ماڈل پرتیک بید چوتھی منزل پر رہائش پذیر ہیں۔ ابتدا میں یہ واضح نہیں ہو سکا تھا کہ فائرنگ کس نے کی، تاہم تحقیقات میں سامنے آیا کہ گولیاں کمال آر خان نے چلائی تھیں۔
کے آر کے نے اپنی صفائی میں بتایا کہ ان کا مقصد کسی کو نقصان پہنچانا نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ اپنی بندوق صاف کر رہے تھے اور بعد ازاں اسے چیک کرنے کے لیے فائر کیا۔ ان کے گھر کے سامنے مینگرَو جنگل ہے، جہاں انہوں نے یہ سمجھا کہ گولی وہیں ضائع ہو جائے گی، مگر تیز ہوا کے باعث گولی زیادہ فاصلے تک چلی گئی اور رہائشی عمارت سے جا ٹکرائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق مزید قانونی کارروائی جاری ہے اور کیس کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
کمال آر خان خود کو فلم نقاد قرار دیتے ہیں اور سوشل میڈیا پر اپنے متنازع بیانات، فلمی تبصروں اور بالی ووڈ شخصیات پر تنقید کے باعث اکثر خبروں میں رہتے ہیں۔ وہ فلم دیش دروہی میں اداکاری کے علاوہ بطور پروڈیوسر بھی کام کر چکے ہیں۔











