اہم ترین

پرائمری کنٹرولز فیچر : اب بچوں کے واٹس ایپ پرہوگی والدین کی نظر

دنیا کی مقبول ترین میسجنگ ایپ واٹس ایپ بچوں کی آن لائن حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا اور اہم فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جسے پرائمری کنٹرولز کا نام دیا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت والدین اپنے بچوں کے واٹس ایپ اکاؤنٹس پر محدود مگر مؤثر نگرانی کر سکیں گے۔

واٹس ایپ کے فیچر ٹریکر ویبیٹا انفو کے مطابق، اس نئے نظام میں والدین اپنے اکاؤنٹ سے بچوں کے لیے ایک سیکنڈر واٹس ایپ اکاؤنٹ بنا سکیں گے۔ یہ اکاؤنٹ خاص طور پر ان بچوں کے لیے ہوگا جو واٹس ایپ کی کم از کم عمر کی شرط پوری نہیں کرتے یا جن کے لیے محدود استعمال ضروری سمجھا جاتا ہے۔

اس سیکنڈری اکاؤنٹ میں بچے صرف محفوظ کیے گئے نمبرز سے ہی بات چیت کر سکیں گے، جس سے اجنبی افراد سے رابطے اور غلط مواد کے امکانات کم ہو جائیں گے۔

اکاؤنٹ سیٹ اپ کے دوران والدین کو کیو آر کوڈ اسکین کر کے بچے کا اکاؤنٹ اپنے اکاؤنٹ سے لنک کرنا ہوگا، جبکہ سیکیورٹی کے لیے 6 ہندسوں پر مشتمل پرائمری پن بنانا لازمی ہوگا۔ یہ پن کسی بھی حساس سیٹنگ میں تبدیلی کے لیے ضروری ہوگا، تاکہ بچے والدین کی اجازت کے بغیر تبدیلی نہ کر سکیں۔

رپورٹس کے مطابق بچوں کے اکاؤنٹ میں کئی فیچرز مکمل طور پر بند ہوں گے۔ اپ ڈیٹس ٹیب دستیاب نہیں ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ چینلز اور براڈکاسٹ مواد بچوں کو نظر نہیں آئے گا۔ اس کے علاوہ چیٹ لاک جیسا فیچر بھی موجود نہیں ہوگا تاکہ کوئی چیٹ فون لیول پر چھپائی نہ جا سکے۔

اہم بات یہ ہے کہ واٹس ایپ کی اینڈ ٹو اینڈ انکرپشن پالیسی برقرار رہے گی، یعنی والدین بچوں کے میسجز یا کالز نہیں پڑھ سکیں گے۔ تاہم، وہ یہ ضرور جان سکیں گے کہ کب کوئی نیا کانٹیکٹ شامل کیا گیا یا اکاؤنٹ میں کوئی اہم تبدیلی ہوئی۔

یہ سیکنڈری اکاؤنٹ اس وقت تک پیرنٹ اکاؤنٹ سے منسلک رہے گا جب تک والدین خود اسے ہٹائیں یا بچہ واٹس ایپ کی مقررہ عمر پوری نہ کر لے، جس کے بعد اکاؤنٹ کو عام واٹس ایپ پروفائل میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

فی الحال یہ فیچر ڈیولپمنٹ اسٹیج میں ہے، تاہم متوقع ہے کہ مستقبل میں یہ بچوں کی ڈیجیٹل سیکیورٹی کے لیے ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

پاکستان