اہم ترین

پی ایس ایل: کھلاڑیوں کی4 کیٹیگریز، سب سے زیادہ بولی 4 کروڑ 20 لاکھ سے شروع

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) الیون کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ لیگ میں شامل کھلاڑیوں کی نیلامی چار مختلف کیٹیگریز میں کی جائے گی، جن کے لیے ابتدائی قیمتیں بھی مقرر کر دی گئی ہیں۔

اعلامیہ کے مطابق سب سے نچلی کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی نیلامی کا آغاز 60 لاکھ روپے سے ہوگا۔ تیسرے نمبر کی کیٹیگری کے کھلاڑیوں کی بولی ایک کروڑ 10 لاکھ روپے سے شروع کی جائے گی، جبکہ دوسری کیٹیگری میں شامل کھلاڑیوں کی ابتدائی قیمت 2 کروڑ 20 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ نمبر ون کیٹیگری کے اسٹار کھلاڑیوں کے لیے بولی کا آغاز 4 کروڑ 20 لاکھ روپے سے ہوگا۔

ٹیموں کی تشکیل کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ہر فرنچائز کو 16 سے 20 کھلاڑیوں پر مشتمل اسکواڈ بنانا ہوگا۔ ہر ٹیم میں 5 سے 7 غیر ملکی کھلاڑی شامل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پلیئنگ الیون میں 3 سے 4 غیر ملکی کرکٹرز کو موقع دینا ہوگا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ ہر ٹیم کے اسکواڈ میں کم از کم دو انڈر 23 کھلاڑیوں کی شمولیت لازمی ہوگی، جبکہ پلیئنگ الیون میں بھی ایک انڈر 23 کھلاڑی کو شامل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ فرنچائزز کو کسی ایک غیر ملکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرنے کی اجازت بھی دی گئی ہے۔

پی ایس ایل الیون کے لیے کھلاڑیوں کی نیلامی 11 فروری کو منعقد کی جائے گی، جس سے قبل ٹیمیں اپنی حکمت عملی کو حتمی شکل دینے میں مصروف ہیں

پاکستان