بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار کرن جوہر نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک مرتبہ مرحوم اداکار رشی کپور سے جھوٹ بولتے ہوئے پکڑے گئے تھے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کرن جوہر، اداکارہ رانی مکھرجی اور فلم ساز ادتیہ چوپڑا کی خفیہ شادی میں شرکت کے لیے بیرونِ ملک جا رہے تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رانی مکھرجی اور ادتیہ چوپڑا نے 2014 میں اٹلی میں نہایت سادگی اور رازداری کے ساتھ شادی کی تھی، جس میں صرف چند قریبی دوست اور اہلِ خانہ شریک ہوئے تھے۔ شادی کو مکمل طور پر خفیہ رکھنے کی ذمہ داری خاص طور پر کرن جوہر کو سونپی گئی تھی۔
کرن جوہر نے بتایا کہ جب وہ ایئرپورٹ پر تھے تو اچانک ان کی ملاقات رشی کپور سے ہو گئی۔ رشی کپور نے ان سے سوال کیا کہ وہ کہاں جا رہے ہیں؟ جس پر کرن جوہر نے اصل بات چھپاتے ہوئے کہا کہ وہ کسی اور ملک جا رہے ہیں۔ تاہم رشی کپور نے فوراً ان کا جھوٹ بھانپ لیا اور مسکراتے ہوئے حقیقت جاننے کی کوشش کی۔
کرن جوہر کے مطابق وہ اس وقت سخت گھبرا گئے تھے کیونکہ اگر شادی کی خبر لیک ہو جاتی تو اس کا الزام انہی پر آتا۔ خوش قسمتی سے شادی مکمل طور پر خفیہ رہی اور کوئی تصویر یا تفصیل اس وقت منظرِ عام پر نہیں آئی۔
واضح رہے کہ رانی مکھرجی اور ادتیہ چوپڑا کی شادی کو بالی ووڈ کی سب سے خفیہ شادیوں میں شمار کیا جاتا ہے، جس میں مبینہ طور پر صرف 18 مہمانوں نے شرکت کی تھی۔











