شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے اعلان کیا ہے کہ ملک کی حکمران ورکرز پارٹی کے آئندہ اجلاس میں جوہری صلاحیت کو مزید مضبوط بنانے کے اگلے مرحلے کے منصوبے پیش کیے جائیں گے۔ یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب شمالی کوریا نے تازہ میزائل تجربہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ادارے کے سی این اے کے مطابق کم جونگ اُن نے منگل کو بیلسٹک میزائل کے تجربے کی نگرانی کرتے ہوئے کہا کہ آنے والا پارٹی اجلاس ملک کی جوہری دفاعی طاقت کو مزید مؤثر بنانے کے لیے واضح حکمتِ عملی طے کرے گا۔ یہ ورکرز پارٹی کا پانچ سال بعد ہونے والا پہلا بڑا اجلاس ہوگا۔
کم جونگ اُن نے اعلیٰ حکام اور اپنی کم عمر بیٹی کے ہمراہ بڑے کیلیبر کے جدید ملٹی پل راکٹ لانچر سسٹم کے تجربے کا مشاہدہ کیا، جس کے دوران چار میزائل داغے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تجربے کے نتائج ان طاقتوں کے لیے ’’شدید ذہنی اذیت‘‘ کا باعث ہوں گے جو شمالی کوریا کے خلاف فوجی محاذ آرائی کی کوشش کریں گی۔
کے سی این اے کے مطابق میزائلوں نے تقریباً 358 کلومیٹر دور سمندری ہدف کو نشانہ بنایا۔ جاپانی میڈیا کے مطابق میزائل بحیرۂ جاپان کی سمت داغے گئے، جن میں سے دو میزائل شمالی کوریا کے خصوصی معاشی زون سے باہر گرے۔
دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ آئندہ پارٹی اجلاس میں کم جونگ اُن اس بات کا اعلان کر سکتے ہیں کہ شمالی کوریا کی جوہری صلاحیت اب عروج پر پہنچ چکی ہے اور اب توجہ اس کی عملی مؤثریت بڑھانے پر ہوگی۔
یہ رواں ماہ میں شمالی کوریا کا دوسرا میزائل تجربہ ہے۔ پیانگ یانگ امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کو جارحیت قرار دیتا ہے، جبکہ امریکا جنوبی کوریا میں ہزاروں فوجی تعینات کیے ہوئے ہے۔











