اہم ترین

امریکی خاتون مسلم رکنِ کانگریس الہان عمر پر حملہ، عوامی اجتماع میں اسپرے کر دیا گیا

امریکی ریاست منی سوٹا سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹک رکنِ کانگریس الہان عمر پر منی ایپولس میں ایک عوامی اجتماع کے دوران حملہ کیا گیا، جہاں ایک شخص نے ان پر دھاوا بولتے ہوئے نامعلوم مادہ اسپرے کر دیا۔

واقعہ اس وقت پیش آیا جب الہان عمر ایک ٹاؤن ہال اجلاس سے خطاب کر رہی تھیں اور امریکی محکمۂ داخلی سلامتی کی سربراہ کرسٹی نوئم سے استعفے یا مواخذے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ اسی دوران حاضرین میں سے ایک شخص اچانک اسٹیج کی جانب دوڑا، نعرے لگائے اور الہان عمر پر اسپرے کیا۔

سیکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو قابو میں لے کر ہال سے باہر نکال دیا۔ حملے کے بعد الہان عمر نے حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطاب جاری رکھنے پر اصرار کیا۔

منی ایپولس پولیس کے مطابق ملزم کو تیسرے درجے کے حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ الہان عمر اس واقعے میں محفوظ رہیں اور انہیں کوئی جسمانی نقصان نہیں پہنچا۔ پولیس کے مطابق فرانزک ماہرین کو بھی موقع پر طلب کیا گیا تاکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جا سکیں۔

الہان عمر، جو امریکی کانگریس کے لیے منتخب ہونے والی پہلی صومالی نژاد امریکی ہیں، ماضی میں بھی نسلی اور سیاسی حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ متعدد مواقع پر ان کے خلاف سخت اور متنازع بیانات دے چکے ہیں، جنہیں ناقدین نسلی تعصب پر مبنی قرار دیتے ہیں۔

یہ واقعہ امریکا میں سیاسی کشیدگی اور منتخب نمائندوں کی سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالات کھڑے کر رہا ہے۔

پاکستان