کراچی — پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 11ویں ایڈیشن کے لیے مقامی کھلاڑیوں کی کیٹیگریز کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت 89 مقامی کھلاڑیوں کو پانچ مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق پلاٹینم کیٹیگری میں مجموعی طور پر 16 کھلاڑی شامل کیے گئے ہیں۔ سلمان علی آغا، حسن علی، محمد نواز اور ابرار احمد کو ڈائمنڈ سے ترقی دے کر پلاٹینم کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ صاحبزادہ فرحان نے گولڈ سے پلاٹینم کیٹیگری میں جگہ بنا لی ہے۔

پلاٹینم کیٹیگری میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاداب خان اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

ڈائمنڈ کیٹیگری میں مجموعی طور پر 11 کھلاڑی شامل ہیں، جن میں محمد وسیم جونیئر، سفیان مقیم اور سلمان مرزا کو گولڈ سے ترقی دے کر ڈائمنڈ کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
گولڈ کیٹیگری میں 32 کھلاڑی شامل ہوں گے، جبکہ سلور اور ایمرجنگ کیٹیگریز میں مجموعی طور پر 30 کھلاڑیوں کو رکھا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق پلیئرز آکشن سے قبل ہر فرنچائز کو مجموعی طور پر 4 کھلاڑی برقرار رکھنے کی اجازت ہوگی، جس میں ہر کیٹیگری سے صرف ایک کھلاڑی کو ریٹین کیا جا سکے گا۔

پی ایس ایل کی تاریخ کا پہلا اور منفرد پلیئرز آکشن 11 فروری کو منعقد ہوگا، جبکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کی آخری تاریخ 3 فروری تک بڑھا دی گئی ہے۔











