ایموشنل انٹیلیجنس کو ای آئی یا ای کیو (ایموشنل کوشنٹ) بھی کہا جاتا ہے، اس کے ذریعے انسان اپنی اور دوسروں کی جذباتی کیفیت کو سمجھتا، بیان کرتا، کنٹرول کرتا، جانچتا اور درست انداز میں استعمال کرتا ہے تاکہ بہتر گفتگو اور مضبوط رشتے قائم ہو سکیں۔
اکثر ایسا ہوتا ہے کہ اچانک کوئی سوال پوچھ لیا جائے تو ہم گھبرا جاتے ہیں۔ دل کی دھڑکن تیز ہو جاتی ہے اور دماغ میں الجھن پیدا ہو جاتی ہے۔ لیکن ایسے موقع پر اگر آپ تھوڑی دیر رک کر، پرسکون انداز میں سوچ کر جواب دیں تو یہی ایموشنل انٹیلیجنس کا بہترین استعمال کہلاتا ہے۔
ایموشنل انٹیلیجنس کا مطلب صرف اپنے جذبات کو ظاہر کرنا یا قابو میں رکھنا نہیں، بلکہ دوسروں کے جذبات کو سمجھنا، ان کی تشریح کرنا اور مناسب ردِعمل دینا بھی ہے۔
کئی ماہرین ای کیو کو آئی کیو سے بھی زیادہ اہم قرار دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہےکہ جب ہم کوئی سوال سنتے ہیں تو ہمارا دماغ فوراً ہمیں خود کا دفاع کرنے کا سگنل دیتا ہے۔ اس گھبراہٹ میں ہم اکثر ایسی بات کہہ جاتے ہیں جس پر بعد میں پچھتاوا ہوتا ہے۔
ماہرین کا مشورہ ہے کہ سوال سنتے ہی فوراً جواب نہ دیں، تھوڑی دیر رکیں، سوال پوچھنے والے سے پلٹ کر پوچھیں۔ اس طرح آپ کو سوچنے کا وقت ملتا ہے اور آپ پرسکون، متوازن اور بہتر جواب دے پاتے ہیں۔ یہی ایموشنل انٹیلیجنس ہے۔











