مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے۔
مانسہرہ میں انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ میں 2013 کے بعد آج مانسہرہ آیا ہوں، یہاں کچھ بھی نہیں بدلا ہے۔مجھے آپ لوگوں کو دیکھ کر بڑی خوشی ہو رہی ہے۔
سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ 2013 میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہم اور آپ مل کر خیبر پختون خوا میں حکومت بناتےہیں، میں نے کہا کہ ان کے پاس عددی اکثریت ہم سے زیادہ ہے لہذا حق ان (عمران خان)کا ہے۔
قائد ن لیگ نے کہا کہ ایک وقت تھا جب نوازشریف وزیراعظم تھا اور سبزیاں 10 , 10 روپے کلو ملا کرتی تھیں , پیٹرول 60 روپے لیٹر تھا ، گھی سستا تھا چینی 50 روپے کلو تھی اور ملک میں مہنگائی نہیں تھی ہمارے دور میں مہنگائی نہیں تھی ، ان ظالموں نے ملک کا ستیاناس کردیا ہے۔
پی ٹی آئی اور عمران خان کا نام لئے بغیر تنقید کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ پچھلے 10 سال جو یہاں حکمران رہے انہوں نے کیا بنایا یہاں، یہاں کیا تبدیلی آئی؟ یہاں پہ اگر کسی نے کوئی کام کیا ہے تو وہ جاکر موٹروے دیکھ لے۔
نواز شریف نے کہا کہ مانسہرہ سے مظفرآباد اور مظفرآباد سے لیکر میرپور میں منگلا ڈیم تک موٹروے نوازشریف کا منصوبہ تھا ۔ اگر مجھے نہ نکالاجاتا تو آج مانسہرہ میں ایئرپورٹ اور میٹروبس ہوتی، میری حکومت ہوتی تو مانسہرہ میں کوئی نوجوان بے روزگار نہ ہوتا، ہم نے موٹر وے بنائی اور جب وہ تیار ہوئیں تو میں جیل میں تھا، میرا تو کراچی تک موٹروے بنانے کا منصوبہ تھا مگر وہ سکھر میں ہی رک گیا۔











