وزیراعظم شہباز شریف کی 18 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے۔ وزرا سے حلف صدر آصف علی زرداری نے لیا۔
وفاقی کابینہ میں شامل 18 وزرا کی حلف برداری ایوان صدر میں ہوئی۔ کابینہ میں پیپلز پارٹی کے علاوہ حکومتی اتحاد میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔
حلف اٹھانے والوں میں 13 ارکان قومی اسمبلی، 2 سینیٹرز اور 3 غیر منتخب افراد ہیں۔
وفاقی وزراء میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا تنویر حسین، چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، اعظم نذیر تارڑ، جام کمال، امیر مقام، سردار اویس لغاری، عطا اللہ تارڑ، خالد مقبول صدیقی، قیصر احمد شیخ، ریاض حسین پیرزادہ، جنید انوار ،اسحاق ڈار اور مصدق احمد ملک شامل ہیں۔ جبکہ شیزا فاطمہ خواجہ وزیر مملکت ہوں گی۔
غیر منتخب وزرا میں احد چیمہ، محمد اورنگزیب اور محسن نقوی نے بھی وزارت کا حلف اٹھا لیا ہے۔ آئین کے مطابق تینوں افراد کو 6 ماہ میں سینیٹر یا قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہونا ہوگا۔











