اہم ترین

نواز شریف کے بعد دونوں بیٹے بھی نیب ریفرنسز سے بری

نواز شریف کے بعد ان کے دونوں بیٹے حسین نواز اور حسن نواز بھی فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز سے بری قرار پائے ہیں۔

اسلام آباد کی ایک احتساب عدالت نے عدالت نے حسین نواز اور حسن نواز کو مسلسل عدم حاضری پر ایون فیلڈ ریفرنس اور فلیگ شپ ریفرنسں میں 15 نومبر جبکہ العزیزیہ ریفرنس میں 9 اکتوبر 2017 کواشتہاری قرار دیا تھا۔

نئی حکومت کے قیام کے بعد حسین نواز اور حسن نواز نے 14 مارچ کو عدالت کے سامنے سرینڈر کردیا تھا جس کے بعد ان کے وارنٹس معطل کر دیے گئے تھے۔

منگل کے روز احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے نیب ریفرنس میں بریت کی درخواستوں پر سماعت کی ۔حسن نواز اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح اور نیب پراسیکیوٹرز احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔

ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے جواب دیا کہ اس کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت اس کیس کا فیصلہ کر سکتی ہے۔

اظہر مقبول نے موقف اختیار کیا کہ اس کیس میں ہائی کورٹ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا فیصلہ کر چکی، کیسز میں مرکزی ملزمان بری ہو چکے ہیں ۔ حسن نواز اور حسین نواز پر تو صرف سازش اور معاونت کا الزام ہے۔

دلائل مکمل ہونے پر احتساب عدالت نے حسن نواز اور حسین نواز کو تینوں ریفرنسز میں بری کر دیا۔

حسین نواز اور حسن نواز سے پہلے مریم نواز ، کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور نواز شریف بھی ان ریفرنسز میں بری ہوچکے ہیں ۔

پاکستان