اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت اعلیٰ عدلیہ کے تمام آٹھ ججوں کو مشکوک لفافے بذریعہ ڈاک موصول ہوئے ہیں ۔ ان خطوط میں سفوف بھرا ہواتھا۔
منگل کی صبح اسلام آباد ہائی کورٹ کے تمام ججوں کو ریشم نامی کسی خاتون کے خطوط ملے۔ ایک خط کھولنے پر اس میں مشکوک قسم کا پاؤڈر برآمد ہوا۔ خط میں انتہائی زہریلا کیمیکل اینتھراکس لکھا ہوا تھا۔
مشکوک پاؤڈر نکلنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں ہلچل مچ گئی۔ آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی سکیورٹی کو فوری طور پر طلب کیا گیا اور پولیس کو دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئیں۔
اسلام ہائی کورٹ کے ججوں کو مشکوک خطوط میں ملنے والے پاؤڈر کو محکمہ انسداد دہشت گردی کے حوالے کر دیا گیا ہے۔